اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عمران خان اور سابق آرمی چیف جنرل (ر)قمر جاوید باجوہ کے درمیان دوریوں کی وجہ سوشل میڈیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک کے سیاسی درجہ حرارت کو کم کرنا ناگزیر ہے اور یہ بھی کہ وہ اس مقصد کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مکالمے کی پیشکش کرتے ہیں تاہم ان کے درمیان کوئی رابطہ نہیں ہوا۔
نئے آرمی چیف کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان نے موجودہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے نام پر اطمینان کا اظہار کیا تھا جب انہوں نے اس بارے میں چیئرمین تحریک انصاف سے مشاورت کی تھی تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ موجودہ عسکری قیادت اور عمران خان کے درمیان کوئی ڈائیلاگ نہیں کر ا رہے۔
صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ یہ انتخابات کا سال ہے، انتخابات ہونے چاہئیں، سیاسی جماعتیں آپس میں فیصلہ کریں کہ انتخابات جلد ہوں گے یا بدیر
عارف علوی نے سابق آرمی چیف اور عمران خان کے درمیان اختلافات پر بات کرتے ہوئے اس کی بڑی وجہ سوشل میڈیا ‘ کو قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کو بے جا اہمیت دینے کی وجہ سے غلط فہمیاں پیدا ہوئیں اور یوں سوشل میڈیا دونوں کے درمیان اختلافات کی ایک بڑی وجہ بنا
انہوں نے کہا کہ وہ ان تمام معاملات میں اختلافات کو کم کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔
سابق آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی پیشکش پر انہوں نے کہا کہ مجھے آفرز کا علم نہیں لیکن جو میں نے کہا تھا کہ غلط فہمیاں مل کر دور کی جائیں چاہے وہ کسی بھی جماعت میں ہو، اپوزیشن میں ہو، حکومت ہو یا اسٹیبلشمنٹ میں ہوں
نئے آرمی چیف کے لیے عمران خان سے مشاورت کے سوال پر عارف علوی نے کہا کہ آئین انہیں اجازت دیتا ہے کہ وہ کسی سے بھی مشاورت کریں۔