اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان سے کیا گیا وعدہ پورا کر دیا، ہم جس کے ساتھ چلتے ہیں خلوص اور دل کے ساتھ چلتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس ہوا، اجلاس میں اسمبلی تحلیل کی کارروائی کے بعد قانونی اور آئینی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا، نگراں وزیراعلیٰ کے نام پر بھی مشاورت کی گئی۔
اس موقع پر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ انہوں نے عمران خان سے جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کیا، وہ جس کے ساتھ جائیں ہم خلوص اور دل سے سپورٹ کرتے ہیں۔
چوہدری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ قانون اور آئین کے تحت ہر معاملہ کیا گیا ہے، اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد آئین کے تحت نگران سیٹ اپ مشاورت سے تشکیل دیا جائے گا۔
مشاورتی اجلاس میں سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان، صوبائی وزراء میاں محمود الرشید، سردار حسنین بہادر دریشک، صوبائی مشیر عامر سعید، ایم پی اے یوسف بادوزئی، اکبر خان اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی عنایت اللہ لک نے بھی شرکت کی۔