اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) سچن ٹنڈولکر کی ریٹائرمنٹ کے بعد یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ عظیم بلے باز کے ریکارڈز کوئی نہیں توڑ سکے گا، لیکن بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے جس طرح کی کارکردگی دکھائی، اس سے امید کی جا رہی تھی کہ صرف کوہلی ہی ٹنڈولکر کے ریکارڈ توڑ سکیں گے۔ اس سے قبل کئی ریکارڈ اپنے نام کرنے کے بعد اب ویرات کوہلی نے سچن ٹنڈولکر سے ایک اور اہم اعزاز چھین لیا ہے، وہ ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بھارتی کرکٹر بن گئے ہیں۔
ویرات کوہلی نے یہ اعزاز بھارت آنے والے سری لنکا کے خلاف تیسرے ون ڈے میں 166 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر حاصل کیا۔ کوہلی نے بھارت میں ریکارڈ 21 سنچریاں بنائیں، ٹنڈولکر نے 20 سنچریاں بنائیں۔واضح رہے کہ ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ ٹنڈولکر کے پاس ہے جنہوں نے اپنے طویل کیریئر میں 49 سنچریاں بنائیں، کوہلی 46 سنچریوں کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔یاد رہے کہ بھارت نے 3 ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کے آخری میچ میں سری لنکا کے خلاف رنز کا سب سے بڑا مارجن حاصل کرکے عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔
ہندوستانی ٹیم نے تیسرے ون ڈے میں سری لنکا کو 317 رنز سے شکست دی، جو ون ڈے میں کسی بھی ٹیم کی سب سے بڑی فتح ہے۔ سری لنکا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 390 رنز بنائے، ویرات کوہلی نے ناقابل شکست 166 اور شبمن گل نے 116 رنز بنائے۔ 391 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم صرف 73 رنز پر ڈھیر ہوگئی، بھارت نے سری لنکا کے خلاف تین صفر سے سیریز جیت لی۔