اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہم اپنے بیرونی دشمنوں کے مذموم عزائم سے بخوبی آگاہ ہیں، بیرونی دشمن بلوچستان کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بلوچستان کے علاقوں خضدار اور بسیمہ کا دورہ کیا، دورے کے دوران سید عاصم منیر کو سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کو علاقے کو پرامن اور محفوظ بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ہم اپنے بیرونی دشمنوں کے مذموم عزائم سے بخوبی آگاہ ہیں، بیرونی دشمن مشکلات کے ذریعے حاصل کیے گئے بلوچستان کے امن کو خراب کرنا چاہتے ہیں، بلوچستان میں آپریشن سے سماجی اور معاشی طور پر متاثر ہوں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دورے کے دوران افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی۔ آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے ان کا استقبال کیا۔
آرمی چیف نے غیر ملکی حمایت یافتہ دشمن عناصر کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے بہترین آپریشنل تیاریوں کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔