اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )الیکشن کمیشن نے چوہدری شجاعت حسین کو مسلم لیگ ق کا صدر قرار دیتے ہوئے سینٹرل ورکنگ کمیٹی کی کارروائی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چوہدری شجاعت حسین مسلم لیگ ق کے صدر رہیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے چوہدری شجاعت حسین کو پارٹی صدارت سے ہٹانے سے متعلق کیس کا محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔
الیکشن کمیشن نے چوہدری شجاعت حسین کی برطرفی کو پارٹی آئین کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سینٹرل ورکنگ کمیٹی کی کارروائی بھی غیر قانونی ہے۔ .
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چوہدری شجاعت حسین کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں پارٹی صدر برقرار رکھا ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ سال اگست میں فیصلہ محفوظ کرلیا تھا، چوہدری شجاعت نے پارٹی صدارت سے ہٹائے جانے کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دی تھی، الیکشن کمیشن نے حکم امتناعی پر چوہدری شجاعت حسین کو بحال کیا تھا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کو پارٹی صدارت سے ہٹا دیا گیا تھا۔
مسلم لیگ ق کے مشاورتی اجلاس کے دوران چوہدری شجاعت حسین کو پارٹی کی صدارت سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ ان کے بھائی چوہدری وجاہت حسین کو ق لیگ کا صدر مقرر کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ طارق بشیر چیمہ کو ہٹا کر کامل علی آغا کو پارٹی کا مرکزی سیکرٹری جنرل بنا دیا گیا۔