اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ویسٹ انڈین اوپنرز نے زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ میچ میں تاریخ رقم کر دی۔ ان دنوں ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کے درمیان ٹیسٹ سیریز جاری ہے، 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کے اوپنرز کریگ بریتھویٹ اور سابق ویسٹ انڈین کھلاڑی چندرپال کے بیٹے تیغ نارائن چندرپال نے اہم اعزاز اپنے نام کیا ۔
ویسٹ انڈین اوپنرز نے زمبابوے کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے بڑی اوپننگ شراکت کا ریکارڈ بنا ڈالا۔ کریگ بریتھویٹ اور تیغ نارائن چندرپال کی پہلی وکٹ کے لیے 336 رنز کی شراکت ٹیسٹ کرکٹ میں ویسٹ انڈیز کی سب سے بڑی اوپننگ شراکت ہے۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ گارڈنر گرین اور ڈیسمنڈ ہنز کے پاس تھا جنہوں نے 33 سال قبل انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں 298 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی تھی۔بریتھویٹ اور چندرپال کے درمیان یہ شراکت داری ٹیسٹ کرکٹ میں نویں سب سے بڑی اوپننگ شراکت ہے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے بڑی اوپننگ پارٹنرشپ کا ریکارڈ جنوبی افریقہ کے گریم اسمتھ اور نیل میکنزی کے پاس ہے جنہوں نے 2008 میں بنگلہ دیش کے خلاف 415 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ کی تھی۔ ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر چندر پال کا بیٹا بھی کرکٹر بن گیا، ٹیسٹ کیپ مل گئی۔ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کے خلاف پہلی اننگز 447 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر دی ۔
برتھ ویٹ 182 اور چندرپال نے ناقابل شکست 207 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ تیغ نارائن چندرپال نے اپنے والد اور سابق ویسٹ انڈین لیجنڈ چندرپال کو انفرادی سکور میں پیچھے چھوڑ دیا جب انہوں نے اپنی پہلی ڈبل سنچری بنائی۔ٹیسٹ کرکٹ میں والد کا سب سے زیادہ اسکور 203 رنز تھا جب کہ بیٹے نے 207 رنز بنا کر انہیں پیچھے چھوڑ دیا۔
تیسرے دن کے اختتام پر زمبابوے نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز بنا لیے ہیں۔