اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو پنجاب میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ نہ دینے کیخلاف درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کو الیکشن کا اعلان کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عدالت نے مختصر فیصلے میں الیکشن کمیشن کو الیکشن کا اعلان کرنے کا حکم دیا۔
جسٹس جواد حسن نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ عدالت تحریک انصاف کی درخواست منظور کرتی ہے، الیکشن کمیشن آئین میں دی گئی مدت میں انتخابات کا اعلان کرے۔
سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ انتخابات کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا کام نہیں، کمیشن کو فنڈز کی فراہمی تک الیکشن کا انعقاد ممکن نہیں، مکمل صوبائی اسمبلی کے انتخابات، خصوصی حالات کے لیے وفاقی حکومت کا تعاون درکار ہے۔ قانون انتخابات ملتوی کرنے کی اجازت دیتا ہے۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ قومی اور صوبائی اسمبلی کے انتخابات ایک ہی دن نہ ہوئے تو انتخابات کی شفافیت متاثر ہوسکتی ہے۔
اس موقع پر گورنر پنجاب کے وکیل ایڈووکیٹ شہزاد شوکت نے کہا کہ گورنر پنجاب نے اسمبلی تحلیل نہیں کی اس لیے نئے انتخابات کی تاریخ دینا ان کی ذمہ داری نہیں ہے۔ گورنر کے وکیل نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کرنے کی استدعا کی۔
ادھر تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے موقف اختیار کیا کہ اگر گورنر الیکشن کی تاریخ نہیں دیتے تو صدر تاریخ مقرر کر سکتے ہیں
سماعت کے آغاز پر آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری نے عدالت کو یقین دہانی کرائی تھی کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا