اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے جیل بھرو تحریک معطل کرنے کا اعلان کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئین کو برقرار رکھنا سپریم کورٹ کی ذمہ داری ہے اور انہوں نے آج اپنے فیصلے کے ذریعے اسے بہادری سے ادا کیا ہے جو کہ پاکستان میں قانون کی حکمرانی کا اثبات ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم اپنی جیل بھرو تحریک کو معطل کر رہے ہیں، کے پی اور پنجاب میں انتخابی مہم کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عام انتخابات سے متعلق ازخود نوٹس کیس میں سپریم کورٹ نے دونوں صوبوں میں 90 روز میں انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے۔