اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز) تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی امین گنڈا پور کی ایک اور آڈیو منظر عام پر آگئی ہے۔
آڈیو میں علی امین گنڈا پور نے اپنی پارٹی کے مقامی رہنما داؤد آفریدی کو کارکنوں کے ساتھ زمان پارک پہنچنے کی ہدایت کی۔
آڈیو میں علی امین گنڈا پور کو یہ کہتے ہوئے سنا جا رہا ہے کہ خان صاحب نے کہا ہے کہ جو پارٹی کا الیکشن کیلئے ٹکٹ ہولڈر ہے وہ زمان پارک پہنچے اس لئے آپ زمان پارک جائیں اور اپنی شکل دکھائیں
لیک ہونے والی آڈیو میں علی امین گنڈا پور نے داؤد آفریدی کو ہدایت کی کہ وہ 50 بندے اپنے ساتھ لے جائیں اور خود بھی ان کے ساتھ جائیں، صبح سویرے چلے جائیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل جنوری میں علی امین گنڈا پور کی ایک آڈیو سوشل میڈیا پر منظر عام پر آئی تھی جس میں انہیں امتیاز نامی شخص سے بات کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔
آڈیو لیک میں علی امین گنڈا پور کو حکومتی فنڈ جاری ہونے کے بعد اپنے حصے کا کروڑوں روپے بھجوانے کا کہتے سنا جا سکتا ہے، جس پر کال کرنے والا شخص انہیں 16 کروڑ بھیجنے کی یقین دہانی بھی کرتا سنا گیا۔