اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)یہ تمہاری بیٹی نہیں ہے” سابقہ بیوی کے طعنے پر باپ نے کمسن بچی کو گلا دبا کر قتل کر دیا۔ہنجروال پولیس کو جناح اسپتال میں 3 سالہ بچی کی ہلاکت کی اطلاع موصول ہوئی جس پر پولیس نے معاملہ مشکوک ہونے پر بچی کا پوسٹ مارٹم کرایا۔
بچی کے والد نے پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کرتے ہوئے موت کو طبی بنانے کی کوشش کی، پولیس نے پوسٹ مارٹم کرایا تو ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ بچی کی موت گلا دبانے سے ہوئی۔
پوسٹ مارٹم کے دوران بچی کا والد خرم شہزاد موقع سے فرار ہو گیا، ایس پی صدر وقار کھرل نے ملزم کو فوری گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے، جس پر پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چند گھنٹوں میں ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے بچی کو گلا دبا کر قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے، ملزم خرم شہزاد کی بیوی کو طلاق ہو چکی تھی، 3 سالہ معصوم زہرہ فاطمہ اپنے والد کے ساتھ دیگر بہن بھائیوں کے ساتھ رہتی تھی۔
ملزم کے مطابق اس کی سابقہ بیوی نے اسے طعنہ دیا تھا کہ زہرہ فاطمہ تمہاری بیٹی نہیں، ہنجروال پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی۔