اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )الیکشن کمیشن آف پاکستان، اسٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ نے پنجاب میں انتخابات کے لیے فنڈز کی فراہمی سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی۔
چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت ای سی پی کا غیر رسمی اجلاس ہوا جس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابی فنڈز سے متعلق رپورٹ کو حتمی شکل دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی الیکشن کمیشن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کے لیے فنڈز نہیں مل سکے، رقم اسٹیٹ بینک نے منتقل نہیں کی۔
قومی اسمبلی نے الیکشن کمیشن کو فنڈز جاری کرنے کی تحریک متفقہ طور پر مسترد کر دی
الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا پنجاب میں انتخابات کے لیے 21 ارب کے فنڈز دینے کا حکم تھا جس پر عمل نہیں کیا گیا، فنڈز کے بغیر انتخابات کے انتظامات کرنا مشکل ہے۔
وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک کے حکام نے بھی اپنی رپورٹس سپریم کورٹ میں جمع کرادی ہیں۔
رپورٹ میں ٹرانسفر نہ ہونے کی وجوہات شامل ہیں، رپورٹ رجسٹرار سپریم کورٹ کے دفتر میں جمع کرادی گئی ہے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو فنڈز کی فراہمی سے متعلق آج رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔
سپریم کورٹ نے پنجاب میں الیکشن سے متعلق کیس میں اسٹیٹ بینک کو پیر تک 21 ارب روپے براہ راست الیکشن کمیشن کو جاری کرنے کا حکم دیا تھا تاہم گزشتہ روز قومی اسمبلی نے ایک بار پھر الیکشن کمیشن کو فنڈز جاری کرنے کو مسترد کردیا۔