اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)جمعیت علمائے اسلام اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ملک پر دوبارہ فتنہ مسلط نہیں ہونے دیں گے، اگلی حکومت بھی ہم ہی بنائیں گے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں گرڈ سٹیشن کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فتنہ ختم ہو گیا ہے جس کے بعد ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور اس کا مستقبل روشن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جان بوجھ کر ملکی ترقی کا سفر روکا، پچھلی حکومت میں پسماندگی بڑھی جب کہ ملکی معیشت بھی تباہ ہوئی، میگا پراجیکٹس بھی روکے گئے۔
فضل الرحمان نے کہا کہ چین کی مدد سے سی پیک اور بجلی کی پیداوار بڑھانے کے منصوبے منجمد کیے گئے، ہم نے چیئرمین پی ٹی آئی کو چھٹی انگلی کی طرح کاٹ دیا۔
جے یو آئی کے سربراہ نے کہا کہ اگلی حکومت ہم بنائیں گے اور ملک پر دوبارہ فساد مسلط نہیں ہونے دیں گے۔ اگلے الیکشن میں اتحادی جماعتوں کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو سکتی ہے جس کا فیصلہ وقت آنے پر ہی کیا جائے گا۔