اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )آج سے ملک بھر میں مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جس کے باعث 3 سے 8 جولائی تک لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال اور جہلم میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی۔ میانوالی، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ اور گجرات، فیصل آباد، شیخوپورہ، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ ابرآلود رہے گا، اس دوران چند مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بھی بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق ڈی جی خان ڈویژن کے پہاڑی علاقوں میں 6 جولائی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں 4 سے 7 جولائی تک طغیانی کا امکان ہے۔ نشیبی علاقوں میں بھی سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ہنگامی حالات میں امدادی کیمپوں کے مقام کا پہلے سے تعین کیا جائے جب کہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
دوسری جانب بارکھان، لسبیلہ، ڈی آئی خان اور ملتان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، سندھ کے شہروں سکھر، جیکب آباد، ٹھٹھہ، عمرکوٹ اور حیدرآباد میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے