اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توہین عدالت کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور فواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی، فواد چوہدری اور اسد عمر کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی اور اسد عمر کے وکلا الیکشن کمیشن کے سامنے پیش نہ ہوئے۔
معاون وکیل نے کہا کہ اسد عمر پر کیسز ہیں اور ڈاکٹر سے اپوائنٹمنٹ لے رکھی ہے، آپ انہیں حاضری سے استثنٰی دیں، اسد عمر یہاں حاضری لگاتے رہے ہیں۔
ممبر کمیشن نے کہا کہ آپ درخواست جمع کرائیں، جس پر اسد عمر کے معاون وکیل نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرادی۔
اس موقع پر فواد چوہدری اور ان کے وکیل فیصل چوہدری بھی پیش نہیں ہوئے۔
معاون وکیل نے کہا کہ فواد چودھری لاہور میں ہیں، فیصل چودھری اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہیں، فیصل چودھری نے آنے کا کہا ہے۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت 25 جولائی تک ملتوی کردی۔