اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں تھانے کے مین گیٹ پر خودکش دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 10 افراد زخمی ہوگئے۔ترجمان خیبر پولیس کے مطابق باڑہ تھانہ اور حساس اداروں کے دفاتر کمپاؤنڈ میں واقع ہیں۔پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر موجود تھیں۔ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ دو خودکش حملہ آوروں نے تحصیل باڑہ میں داخل ہونے کی کوشش کی،
تاہم فوری جوابی کارروائی میں حملہ آور مارے گئے، اور حملے کو ناکام بنا دیا گیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق زخمیوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جو تحصیل کمپاؤنڈ آفس کے مین گیٹ پر تعینات تھے۔ ریسکیو 1122 نے 2 زخمیوں کو طبی امداد دی جن میں سے ایک شدید زخمی ہو گیا جسے علاج کے لیے ایچ ایم سی منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان ایچ ایم سی کا کہنا ہے کہ خیبر باڑہ بازار میں دھماکے کے نتیجے میں میت سمیت 4 زخمیوں کو لایا گیا، 4 زخمیوں میں 3 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق ایک زخمی کو ایچ ایم سی، 3 زخمیوں کو مقامی ہسپتال اور 6 زخمیوں کو موقع پر ہی لے جایا گیا۔ دھماکے سے عمارت کی چھت گرنے سے ایک شخص جھلس گیا، ریسکیو 1122 کی بھاری مشینری کو موقع پر روانہ کر دیا گیا۔