اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )نگران وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ کسی بھی معاملے پر پرامن احتجاج عوام کا حق ہے لیکن کسی کو بھی پرتشدد حملے اور سرکاری اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں ہے۔
ملک کے مختلف حصوں میں بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف جاری احتجاج پر وزیر اطلاعات و نشریات نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں نے کل بھی کہا تھا اور آج بھی کہہ رہا ہوں کہ صرف احتجاج کرنے، بل جلانے سے بجلی سستی نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے بل ادا نہ کیے گئے تو اکثر لوگوں کے لیے اندھیرا چھا جائے گا، یہ مسائل افہام و تفہیم اور بہتر حکومتی اقدامات سے ہی حل ہوں گے۔
قبل ازیں نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج کابینہ کے اجلاس میں کچھ تجاویز پر غور کیا گیا، جن میں سے کچھ پر فیصلہ کیا گیا، کچھ فیصلوں پر عملدرآمد ہونا ہے۔ آئی ایم ایف پربھروسہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر آئی ایم ایف سے رابطے میں ہیں، کچھ فیصلے پرائمری سرپلس اور سرکلر ڈیٹ کو دیکھ کر کرنا ہوں گے، آئی ایم ایف کو آن بورڈ لیں گے اور چند دن میں بجلی کے بلوں کے حوالے سے فیصلہ کریں گے۔