اردو ورلڈ کینیڈا (ویبب نیوز ) لندن میں دہشت گردی کے الزام میں قید سابق فوجی افسر ڈینیئل خلیفہ لندن کی وینڈز ورتھ جیل سے فرار ہو گئے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق 21 سالہ ڈینیئل عابد خلیفہ برطانوی فوجی اڈے پر جعلی بم نصب کرنے کے الزام میں لندن کی وینڈز ورتھ جیل میں مقدمے کی سماعت کا انتظار کر رہا تھا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق جیل حکام کا خیال ہے کہ خلیفہ جیل کے کچن سے فوڈ ڈیلیوری وین کے نیچے چھپ کر فرار ہوا کیونکہ اسے فرار ہونے سے پہلے وہاں دیکھا گیا تھا۔خلیفہ کے جیل سے فرار ہونے کے بعد شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں اور ہوائی اڈوں پر بھی سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔اطلاعات کے مطابق خلیفہ نے 2019 میں فوج میں شمولیت اختیار کی تھی، ان کا تعلق لندن کے علاقے کنگسٹن اور نارتھ ویسٹ سے تھا تاہم ان کی ملک بھر میں تلاش شروع کردی گئی ہے۔پولیس کی جانب سے خلیفہ کو شہریوں کے لیے بڑا خطرہ قرار نہیں دیا گیا تاہم شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پولیس کو اطلاع دیں اور اس کے ساتھ براہ راست تصادم کے بجائے محتاط رہیں۔