اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)محکمہ ٹرانسپورٹ نے اگلے مالی سال کے لیے بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے مجموعی طور پر 310 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
ان منصوبوں کو صوبے بھر میں جدید سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے،حکام کے مطابق لاہور میں عالمی معیار کے ییلو لائن منصوبے کے لیے 80 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
یہ منصوبہ ٹھوکرنیاز بیگ چوک سے ہربن پورہ تک 24 کلومیٹر کے راستے کا احاطہ کرے گا، جو نہر کے دونوں طرف بنایا جائے گا۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع کے لیے 600 الیکٹرک بسوں اور 33 بس ڈپو کی تعمیر کے لیے 60 بلین روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔
یہ اقدام صاف ستھرا اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ سسٹم کو فروغ دینے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔.لاہور میں ہی ٹرانسپورٹ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی تعمیر کے لیے 5.6 بلین روپے مختص کیے گئے ہیں۔
منصوبے کے تحت جدید سہولیات سے لیس عمارت کو دو سال میں مکمل کیا جائے گا جس سے شہر بھر میں ٹرانسپورٹ سسٹم کی نگرانی اور بہتر کارکردگی کو یقینی بنایا جائے گا۔
فیصل آباد میں میٹرو بس سروس شروع کرنے کے لیے 120 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔. اس سروس کو دسمبر 2026 تک مکمل کرنے کا ہدف ہے، جو شہریوں کو سستی اور آرام دہ سفر فراہم کرے گی۔
اسی طرح گوجرانوالہ میں میٹرو بس پروجیکٹ کو متعارف کرانے کے لیے 30 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جسے اگلے مالی سال کے دوران مکمل کرنے کا ہدف ہے۔
ہ منصوبے نہ صرف صوبے کے شہری بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر ترقی دیں گے بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا کریں گے اور پبلک ٹرانسپورٹ کے معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔.