اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سنسنی خیز بیانات کے بعد ایران کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے بات چیت کے ذریعے کوششیں جاری ہیں۔
اس سلسلے میں سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کیا گیا ہے اور یورپی وزرائے خارجہ بھی ایران کے ساتھ جوہری معاملے پر بات چیت کریں گے۔اسرائیل ایران جنگ پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس جمعہ کو طلب کیا گیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایران کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کی درخواست کو پاکستان، چین اور روس کی حمایت حاصل ہے۔ ایران اور جرمنی، فرانس اور برطانیہ کے درمیان مذاکرات بھی جمعہ کو ہوں گے جس میں ایرانی وزیر خارجہ عباس اراقچی شرکت کریں گے۔ یہ مذاکرات جنیوا میں ہوں گے جس کے بعد ماہرین کی سطح پر ایک منظم مکالمہ کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق یورپی وزرائے خارجہ جمعہ کو جنیوا میں جوہری معاملے پر ایران کے ساتھ بات چیت کریں گے۔خبر رساں ایجنسی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکہ نے جنیوا میں اپنے ایرانی ہم منصبوں کے ساتھ یورپی وزرائے خارجہ کی ملاقات پر بھی اتفاق کیا۔