اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) کینیڈا کی معروف سفری کمپنیوں نے کیوبا کے سفر کے خواہشمند افراد کے لیے بڑا اعلان کرتے ہوئے ملک کے تمام سیاحتی پیکجز غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دیے ہیں۔
فیصلہ کیوبا میں جاری شدید معاشی اور انسانی بحران کے باعث کیا گیا ہے جس نے سیاحتی صنعت سمیت مختلف شعبوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ٹورنٹو سے جاری بیان کے مطابق سن وِنگ ویکیشنز اور ویسٹ جیٹ ویکیشنز نے اگلے نوٹس تک کیوبا کے لیے اپنے تمام سفری پروگرام روکنے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنیوں کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں مسافروں کو مطلوبہ سہولیات اور معیاری سفری تجربہ فراہم کرنا مشکل ہو گیا ہے، اسی لیے یہ فیصلہ ناگزیر تھا۔اعلان کے تحت سن وِنگ ویکیشنز، ویسٹ جیٹ ویکیشنز اور ویسٹ جیٹ ویکیشنز کیوبیک کی جانب سے پیش کیے جانے والے تمام پیکجز متاثر ہوں گے۔ اس کے علاوہ ویسٹ جیٹ ایئر لائنز اور ویسٹ جیٹ کارگو کی بعض خدمات بھی اس فیصلے کی زد میں آئیں گی۔کمپنیوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جن مسافروں نے پہلے سے بکنگ کرا رکھی ہے، ان سے براہِ راست رابطہ کیا جائے گا۔ متاثرہ صارفین کو یہ اختیار دیا جائے گا کہ وہ اپنی بکنگ کسی دوسری منزل کے لیے منتقل کر دیں یا مکمل رقم کی واپسی حاصل کرتے ہوئے سفر منسوخ کر دیں۔
سن وِنگ ویکیشنز گروپ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ خبر نہ صرف مسافروں بلکہ ٹریول ایڈوائزرز کے لیے بھی مایوس کن ہو سکتی ہے، کیونکہ کیوبا طویل عرصے سے کینیڈین سیاحوں کی پسندیدہ منزل رہا ہے۔ کمپنی نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ کیوبا کی مقامی آبادی، سیاحتی کارکنوں اور کاروباری شراکت داروں کی ایک بڑی تعداد کا روزگار سیاحت سے وابستہ ہے اور موجودہ بحران نے ان کے لیے بھی سنگین مشکلات پیدا کر دی ہیں۔کیوبا اس وقت کئی دہائیوں کے بدترین معاشی اور انسانی بحران سے گزر رہا ہے۔
ایندھن کی شدید قلت، بار بار بجلی کی بندش، خوراک اور دیگر ضروری اشیا کی کمی نے عوامی زندگی کو متاثر کر رکھا ہے۔ ماہرین کے مطابق ان مسائل نے ملکی سیاحت کو بھی شدید دھچکا پہنچایا ہے، جس کے باعث کینیڈا کی بڑی سفری کمپنیوں نے حالات معمول پر آنے تک اپنے تمام دورے معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔