امریکا میں فضائی آپریشن مفلوج، ہزاروں پروازیں منسوخ، کینیڈا بھی متاثر

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)امریکا میں فضائی ٹریفک کنٹرول کے فرسودہ نظام میں تکنیکی خرابی کے باعث ملک بھر میں فضائی آپریشن کئی گھنٹوں تک معطل رہا، جس سے امریکہ سمیت کینیڈا میں بھی فضائی سفر کا شدید بحران پیدا ہوگیا۔ ہزاروں پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ لاکھوں مسافروں کے سفری منصوبے درہم برہم ہوگئے۔

امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے جمعے کے روز فضائی ٹریفک کنٹرول مراکز میں مواصلاتی نظام کی خرابی کے بعد ملک بھر میں طیاروں کو گراؤنڈ کرنے کا حکم جاری کیا۔ یہ نائن الیون کے بعد صرف دوسری مرتبہ تھا کہ امریکہ میں ملک گیر سطح پر فضائی آمدورفت مکمل طور پر روک دی گئی۔

امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی کے مطابق خرابی دوپہر 3 بج کر 36 منٹ پر سامنے آئی، جب فضائی ٹریفک کنٹرول کے علاقائی مراکز میں ریڈار سگنلز اور بعض طیاروں سے رابطے میں وقفے وقفے سے تعطل پیدا ہوا۔ صورتحال کے پیش نظر شام 3 بج کر 53 منٹ پر تمام پروازوں کو روکنے کا حکم دیا گیا۔

اس وقت 3 ہزار 500 سے زائد طیارے امریکی ہوائی اڈوں کی جانب محو پرواز تھے، جنہیں بتدریج منزلوں پر اتارا گیا یا متبادل ہوائی اڈوں کی طرف موڑ دیا گیا۔ ایف اے اے نے رات 8 بج کر 15 منٹ پر گراؤنڈ اسٹاپ کا حکم واپس لیا، تاہم اس وقت تک فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ اویئر کے مطابق تقریباً 6 ہزار 700 پروازیں منسوخ اور 8 ہزار 600 تاخیر کا شکار ہوچکی تھیں۔

کینیڈا کی پروازیں بھی متاثر

امریکا میں فضائی آپریشن کی معطلی کے اثرات کینیڈا تک پہنچ گئے، جہاں ان پروازوں کے شیڈول متاثر ہوئے جنہیں امریکی فضائی حدود سے گزرنا تھا۔ متعدد مسافروں کو ایئرپورٹس پر طویل انتظار، پروازوں کی منسوخی اور متبادل انتظامات کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں :ایئر کینیڈا فلائٹ اٹینڈنٹس کاہڑتال کا اعلان، پروازیں مرحلہ وار منسوخ

ایئرلائنز کو منسوخ پروازوں، طیاروں کی منتقلی، عملے کی دستیابی اور مسافروں کی دوبارہ بکنگ جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ حکام کے مطابق فضائی نظام کو معمول پر آنے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔

فرسودہ نظام نے امریکی فضائی سلامتی پر سوالات اٹھا دیے

وائٹ ہاؤس میں بریفنگ کے دوران وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے کہا کہ جدید نظام کی اپ گریڈیشن کے دوران انتہائی پرانے فضائی ٹریفک کنٹرول انفراسٹرکچر پر اضافی دباؤ پڑا، جس کے نتیجے میں یہ خرابی سامنے آئی۔

انہوں نے خبردار کیا کہ موجودہ نظام میں مستقبل میں بھی خرابیوں کا خدشہ برقرار رہے گا۔ ڈفی نے کانگریس سے فضائی ٹریفک کنٹرول کے کمپیوٹر اور مواصلاتی نظام کی مکمل تبدیلی کے لیے 30 ارب ڈالر کی فنڈنگ منظور کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ گزشتہ دو برس سے نئے فضائی ٹریفک کنٹرول نظام کی تعمیر کے لیے فنڈز مانگ رہی ہے، تاہم اس منصوبے پر تاحال مطلوبہ پیش رفت نہیں ہوسکی۔

سائبر حملے کے امکان سے متعلق سوال پر ڈفی نے کہا کہ اب تک ایسے کسی حملے کے شواہد سامنے نہیں آئے، تاہم تحقیقات میں اس پہلو کو مکمل طور پر خارج نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ 11 ستمبر 2001 کے دہشت گرد حملوں کے بعد امریکہ نے دو روز کے لیے فضائی آمدورفت بند کردی تھی، جبکہ 11 جنوری 2023 کو مواصلاتی نظام میں خرابی کے باعث اندرون ملک پروازوں کی روانگی تقریباً 90 منٹ تک روک دی گئی تھی۔

ہمیں فالو کریں

[uw_related_posts]