امریکی وسط مدتی انتخابات: ڈیموکریٹس کا پلڑا بھاری، ٹرمپ کی ری پبلکن پارٹی کو بڑا دھچکا

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)امریکا میں وسط مدتی انتخابات کے نتائج سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے، ابتدائی نتائج میں ڈیموکریٹک پارٹی نے ایوان نمائندگان اور سینیٹ کے انتخابات میں اہم کامیابیاں حاصل کرکے ری پبلکن پارٹی کے لیے مشکلات بڑھا دی ہیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جماعت کو مختلف ریاستوں میں سخت مقابلے کا سامنا ہے جبکہ ڈیموکریٹس نے متعدد اہم نشستیں اپنے نام کرلی ہیں۔

435 ارکان پر مشتمل ایوان نمائندگان میں اکثریت حاصل کرنے کے لیے کسی بھی جماعت کو کم از کم 218 نشستیں درکار ہیں۔ ابتدائی نتائج کے مطابق ڈیموکریٹس 132 نشستوں پر کامیاب ہوچکے ہیں جبکہ ری پبلکن امیدواروں نے 77 نشستیں حاصل کی ہیں۔ کئی ڈیموکریٹ رہنماؤں نے اپنی سابقہ نشستوں کا دفاع بھی کامیابی سے کیا ہے۔

مختلف ریاستوں میں ڈیموکریٹس کی کامیابیاں

ریاست کینٹکی میں ری پبلکن امیدوار ہال راجرز نے ڈسٹرکٹ 5 کی نشست جیت لی جبکہ ڈسٹرکٹ 3 سے ڈیموکریٹ امیدوار مورگن میک گیروی کامیاب قرار پائے۔

فلوریڈا میں ڈیموکریٹ امیدوار ڈیبی واسرمین شلٹز نے ڈسٹرکٹ 12 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے مسلسل 12ویں مرتبہ کانگریس میں اپنی جگہ برقرار رکھی۔ اسی ریاست کے ڈسٹرکٹ 19 سے ری پبلکن جم شوارٹزل جبکہ ڈسٹرکٹ 23 سے ڈیموکریٹ لوئس فرینکل کامیاب ہوئیں۔

ریاست جارجیا میں بھی ڈیموکریٹس نے متعدد نشستیں حاصل کیں۔ ڈسٹرکٹ 5 سے نکیما ولیمز، ڈسٹرکٹ 13 سے جیسمین کلارک، ڈسٹرکٹ 6 سے لوسی میکبتھ اور ڈسٹرکٹ 4 سے ہینک جانسن نے کامیابی حاصل کی۔

ورمونٹ کے ڈسٹرکٹ 1 سے ڈیموکریٹ بیکا بالنٹ نے ری پبلکن حریف کو شکست دی جبکہ اوہائیو میں بھی ڈیموکریٹس نے ایوان نمائندگان کی تین نشستیں جیت لیں۔ ٹیکساس کے ڈسٹرکٹ 30 سے ڈیموکریٹ امیدوار فریڈرک ڈی بھی کامیاب قرار پائے۔

سینیٹ میں بھی ڈیموکریٹس کی اہم کامیابیاں

امریکی سینیٹ کے انتخابات میں ڈیموکریٹس نے کئی اہم ریاستوں میں کامیابی حاصل کی۔ جارجیا سے جون اوسوف نے دوبارہ سینیٹر منتخب ہوکر اپنی نشست برقرار رکھی جبکہ نیو ہیمپشائر سے کرس پاپاس اور نارتھ کیرولائنا سے رائے کوپر نے بھی کامیابی حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان کے الیکشن میں تمام سیاسی جماعتوں کی شرکت یقینی ہونی چاہیے،امریکہ

اسی طرح ڈیلاویئر، نیوجرسی، رہوڈ آئی لینڈ، میساچوسٹس اور الینوائے میں بھی ڈیموکریٹ امیدوار کامیاب ہوئے۔ دوسری جانب فلوریڈا میں ری پبلکن امیدوار ایشلے موڈی نے سینیٹ کی نشست جیت لی۔ وہ 2025 میں مارکو روبیو کے وزیر خارجہ بننے کے بعد خالی ہونے والی نشست پر مقرر ہوئی تھیں اور اب انتخابی کامیابی کے بعد اپنی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔

گورنر کے انتخابات میں بھی ری پبلکنز کو نقصان

ریاستی گورنرز کے انتخابات میں بھی ڈیموکریٹک پارٹی نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ میری لینڈ، پنسلوینیا، میساچوسٹس اور الینوائے میں ڈیموکریٹ امیدوار کامیاب ہوئے، جس سے مختلف ریاستوں میں پارٹی کی سیاسی پوزیشن مزید مستحکم ہوئی ہے۔

وسط مدتی انتخابات کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومتی کارکردگی اور پالیسیوں پر عوامی ردعمل کے طور پر بھی دیکھا جارہا ہے۔ ان انتخابات کے نتائج امریکی کانگریس میں طاقت کا توازن تبدیل کرسکتے ہیں اور ٹرمپ انتظامیہ کے لیے آئندہ دو سال کی قانون سازی اور حکومتی پالیسیوں پر اثرانداز ہوسکتے ہیں۔

کانگریس کا کنٹرول کس کے ہاتھ آئے گا؟

ایوان نمائندگان کی تمام 435 نشستوں پر انتخابات ہوئے ہیں جبکہ سینیٹ کی 100 میں سے 35 نشستیں انتخابی مقابلے کے لیے تھیں۔ ایوان نمائندگان میں اکثریت کے لیے 218 نشستیں درکار ہیں۔ ری پبلکنز کو اپنی اکثریت برقرار رکھنے کے لیے سخت مقابلے کا سامنا ہے جبکہ ڈیموکریٹس ایوان کا کنٹرول حاصل کرنے کی پوزیشن مضبوط بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

حتمی نتائج واضح ہونے کے بعد ہی معلوم ہوگا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جماعت کانگریس کے دونوں ایوانوں میں اپنی برتری برقرار رکھ پاتی ہے یا ڈیموکریٹس ایوان نمائندگان اور سینیٹ میں طاقت کا توازن تبدیل کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔

ہمیں فالو کریں

[uw_related_posts]