اردوورلڈکینیڈا(ویب تیوز)اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس شروع ہوگیا ہے، جس میں رکن ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی اقتصادی روابط کے فروغ سے متعلق اہم امور زیر بحث آئیں گے۔ اجلاس میں ای سی او کے 2035 تک کے اسٹریٹجک اہداف کی منظوری دی جائے گی، جبکہ اسلام آباد اعلامیہ بھی حتمی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
اجلاس میں رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور سربراہانِ وفود شرکت کر رہے ہیں، جو وزیراعظم شہباز شریف سے مشترکہ ملاقات بھی کریں گے۔ اس کے بعد دوطرفہ ملاقاتیں ہوں گی، جن میں علاقائی تعاون اور باہمی تعلقات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اجلاس کے اختتام پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی پریس کانفرنس متوقع ہے۔
ای سی او سیکریٹری جنرل تنظیم کی سالانہ کارکردگی اور سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کریں گے، جبکہ شعبہ جاتی وزارتی اجلاسوں اور خصوصی اداروں کی رپورٹس کا جائزہ لے کر منظوری دی جائے گی۔ علاقائی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون، تنظیم کے انتظامی و مالی معاملات اور ادارہ جاتی کارکردگی بہتر بنانے کی تجاویز بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔
اجلاس میں ہائی لیول کوآرڈینیشن رپورٹ سے متعلق تجاویز کی منظوری کے علاوہ وزرائے کونسل کے آئندہ اجلاس کی تاریخ اور مقام کا بھی فیصلہ کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزارتی اجلاس سے قبل ای سی او کے سینئر حکام کا اجلاس سیکریٹری خارجہ عاصم افتخار کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں وزارتی اجلاس کے ایجنڈے اور مجوزہ اسلام آباد اعلامیے کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں تنظیم کے انتظامی اور مالی امور پر بھی غور کیا گیا۔
پاکستان کے لیے علاقائی تجارت کے نئے امکانات
ای سی او کے 10 رکن ممالک اور تین مبصرین ہیں۔ تنظیم میں پاکستان کے ساتھ ایران، ترکیہ، افغانستان، آذربائیجان، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان شامل ہیں۔
اس اجلاس کی اہمیت محض سفارتی ملاقاتوں تک محدود نہیں بلکہ پاکستان کے لیے وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تجارتی روابط، ٹرانزٹ سہولتوں، توانائی کے منصوبوں اور برآمدات میں اضافے کے امکانات بھی اس سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کی بندرگاہیں وسطی ایشیائی ممالک کو عالمی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔
2035 کے اسٹریٹجک اہداف کی منظوری سے رکن ممالک کے درمیان تعاون کے لیے طویل مدتی سمت متعین ہوگی، تاہم ان فیصلوں کے حقیقی نتائج کا انحصار مشترکہ منصوبوں پر عمل درآمد اور تجارتی رکاوٹیں دور کرنے پر ہوگا۔
