اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ تہران میں چار ملکی اجلاس منعقد کرنے کی تجویز پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پیش کی تھی، جسے ایران نے قبول کرلیا۔
علاقائی کشیدگی میں کمی
اسماعیل بقائی کے مطابق ایران آج تہران میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ سطحی وفود کی میزبانی کر رہا ہے۔ اجلاس کا مقصد خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات میں اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسیوں، لبنان اور ایران کے خلاف جنگ سمیت اہم علاقائی معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
سفارت کاری
ایرانی ترجمان کا کہنا تھا کہ تہران ہر ممکنہ صورتِ حال کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے، تاہم سفارت کاری کے راستے بند نہیں کیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ ایران اور امریکا کے درمیان ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے اور پاکستان ان رابطوں میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔
امریکی مطالبات پر تنقید
بقائی نے امریکا کے مطالبات کو یک طرفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران مکمل ہتھیار ڈالنے کے مطالبے کو قبول نہیں کرے گا۔
ان کے مطابق مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے میں شامل ممالک کے نمائندوں کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں علاقائی سلامتی اور جاری جنگ سے متعلق امور پر بھی گفتگو ہوگی۔
اسرائیلی انتخابات
اسرائیل میں انتخابات کے حوالے سے سوال پر اسماعیل بقائی نے کہا کہ انتخابی نتائج ایران پر اثر انداز نہیں ہوں گے اور تہران کے لیے ان کی کوئی خاص اہمیت نہیں ہے۔
