اسرائیلی انتخابات متنازع بنانے کی کوشش، نیتن یاہو پر عرب جماعتوں کی کامیابی مشکوک قرار دینے کا الزام

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)اسرائیل میں عام انتخابات کے نتائج سامنے آنے کے بعد سیاسی محاذ آرائی شدت اختیار کرگئی ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں اور عرب سیاسی جماعتوں نے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو اور ان کی جماعت لیکوڈ پر انتخابی نتائج کو متنازع بنانے اور عرب جماعتوں کی غیر معمولی کامیابی کو مشکوک قرار دینے کی منظم کوششوں کا الزام عائد کردیا ہے، جبکہ قطر نے بھی انتخابی عمل میں مداخلت کے الزامات کو سختی سے مسترد کردیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ نے الزام لگایا ہے کہ اسرائیلی عرب جماعتوں نے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے ووٹ خریدے اور بیرونی مداخلت کے ذریعے انتخابی عمل پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی۔ ان الزامات کے بعد اسرائیلی داخلی سیکیورٹی ادارے شن بیت نے معاملے کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔

قطر نے اسرائیلی سیاست دانوں کی جانب سے عائد کردہ الزامات کو مضحکہ خیز اور خطرناک قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ قطری وزارت خارجہ نے ردعمل میں اسرائیلی سیاست دانوں پر دوحہ کے خلاف گمراہ کن مہم چلانے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ اس نوعیت کے بیانات خطے میں سیاسی کشیدگی کو مزید ہوا دے سکتے ہیں۔

انتخابی نتائج نے حکومت سازی کا توازن بدل دیا

حتمی انتخابی نتائج کے مطابق وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے اتحاد کو 53 نشستیں حاصل ہوئیں، جبکہ ان کے حریف گادی آئزن کوٹ کے اتحاد نے 48 نشستیں جیتیں۔ دوسری جانب دو عرب سیاسی اتحادوں نے توقعات کے برعکس مجموعی طور پر 19 نشستیں حاصل کرلیں۔

120 ارکان پر مشتمل اسرائیلی پارلیمان کنیسٹ میں کسی بھی بڑے اتحاد کو سادہ اکثریت حاصل نہیں ہوسکی، جس کے باعث عرب جماعتیں حکومت سازی کے معاملے میں فیصلہ کن حیثیت اختیار کرگئی ہیں۔ ان کی کامیابی نے انتخابی نتائج کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال میں نیا موڑ پیدا کردیا ہے اور دونوں بڑے سیاسی اتحادوں کے لیے حکومت بنانے کا راستہ مزید پیچیدہ ہوگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :امریکا اور اسرائیل کی ایران پر ایک ہفتے طویل حملوں کی تیاری، مذاکرات ناکام ہونے پر فوجی کارروائی کا امکان

اپوزیشن رہنما گادی آئزن کوٹ نے نیتن یاہو پر انتخابی نتائج کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی منظم کوشش کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ اس مرحلے پر یہ طے کرنا قبل از وقت ہوگا کہ انتخابی عمل میں واقعی کوئی بے ضابطگی ہوئی ہے یا نہیں۔ ان کے مطابق انتخابی نتائج کو متنازع بنانے کے بجائے شواہد کی بنیاد پر معاملے کا جائزہ لیا جانا چاہیے۔

عرب جماعتوں کا الزامات پر سخت ردعمل

عرب اکثریتی جماعت جوائنٹ لسٹ نے بھی انتخابی دھاندلی اور بیرونی فنڈنگ کے الزامات کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کردیا ہے۔ جماعت کے رہنما سامی ابو شہادے کا کہنا ہے کہ انتخاب ہارنے والا فریق نسل پرستانہ الزامات کے ذریعے عرب جماعتوں کی کامیابی کو مشکوک بنانے اور عوامی مینڈیٹ کی اہمیت کم کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی داخلی سیکیورٹی ادارے شن بیت نے واضح کیا ہے کہ انتخابی الزامات کی تحقیقات کا مطلب یہ نہیں کہ قانونی طریقے سے ووٹ ڈالنے والی پوری عرب برادری کو مشکوک سمجھا جارہا ہے یا اس پر کسی قسم کا الزام عائد کیا جارہا ہے۔

اسرائیل کی مرکزی انتخابی کمیٹی کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل ڈین لیونے بھی کہا ہے کہ انتخابی عمل میں منظم بے ضابطگیوں کے الزامات کی فی الحال کوئی بنیاد موجود نہیں ہے۔

اسرائیلی انتخابات کے بعد سامنے آنے والی یہ صورتحال ملک کی سیاست میں غیر معمولی اہمیت اختیار کرگئی ہے۔ ایک طرف نیتن یاہو کا اتحاد اکثریت سے محروم ہے تو دوسری جانب عرب جماعتوں کی کامیابی نے انہیں حکومت سازی میں اہم کردار ادا کرنے کی پوزیشن میں لاکھڑا کیا ہے۔ ایسے میں انتخابی نتائج پر الزامات اور جوابی الزامات نے اسرائیل میں سیاسی تقسیم کو مزید گہرا کردیا ہے، جبکہ آئندہ حکومت کی تشکیل کے لیے سیاسی جماعتوں کے درمیان جوڑ توڑ بھی اہم مرحلہ بن گیا ہے۔

ہمیں فالو کریں

[uw_related_posts]