اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا کے شہر مونٹریال کے نواحی علاقے کے ایک اسکول بورڈ سے بڑی معلوماتی غفلت سامنے آئی ہے، جہاں ایک ہائی اسکول کے طلبہ کے والدین کو غلطی سے ایسی ایکسل فائل ای میل کر دی گئی جس میں والدین کی انتہائی حساس ذاتی معلومات شامل تھیں۔
رپورٹ کے مطابق سر ولفرڈ لوریئر اسکول بورڈ نے جمعرات سہ پہر 3:27 بجے روزمیئر ہائی اسکول کے طلبہ کے والدین کو "ROSEMERE HIGH SCHOOL – Back to School 2026-27” کے عنوان سے ای میل بھیجی، جس کے ساتھ منسلک ایکسل اسپریڈ شیٹ میں والدین کے نام، تاریخ پیدائش، سوشل انشورنس نمبر، فون نمبر، ای میل ایڈریس، جائے پیدائش، ہنگامی رابطہ نمبرز اور دیگر ذاتی معلومات موجود تھیں۔
اس غلطی کا احساس ہونے پر اسکول بورڈ نے شام 4:08 بجے والدین کو فوری ٹیکسٹ پیغام بھیج کر ہدایت کی کہ وہ ای میل ہرگز نہ کھولیں، جبکہ تین منٹ بعد ای میل کو واپس لینے (Recall) کی بھی کوشش کی گئی۔
اسکول بورڈ نے والدین سے اپیل کی کہ موصول ہونے والی ای میل کو فوراً حذف کر دیں اور بعد میں ایک تحریری تصدیق بھی دیں کہ انہوں نے اسپریڈ شیٹ نہ تو شیئر کی ہے اور نہ ہی محفوظ کی ہے۔
سر ولفرڈ لوریئر اسکول بورڈ کا کہنا ہے کہ یہ ای میل غلطی سے بھیجی گئی تھی اور صرف روزمیئر ہائی اسکول کے طلبہ کے والدین کو موصول ہوئی۔ بورڈ نے بتایا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ معلوماتی خلاف ورزی کیسے پیش آئی۔
اسکول بورڈ کے چیئرمین جیمز ڈی سانو نے متاثرہ خاندانوں سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ والدین کی پریشانی اور تشویش کو بخوبی سمجھتے ہیں اور اس واقعے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ قانونی تقاضوں کے مطابق اس معلوماتی خلاف ورزی کی رپورٹ کیوبیک کے کمیشن ڈی اکسیس آ لا انفارمیشن کو بھی ارسال کی جائے گی۔
چیئرمین کے مطابق اسکول بورڈ اس معاملے میں مکمل شفافیت اختیار کرے گا، والدین کو پیش رفت سے آگاہ رکھے گا اور آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کے لیے اپنے حفاظتی اور انتظامی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اضافی اقدامات بھی کرے گا۔