اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ انتخابات میں آزاد کشمیر میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت بنائے گی۔
کوٹلی میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب بھی وہ کوٹلی آتے ہیں تو انہیں ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے اپنے گھر آئے ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ کوٹلی کے عوام اور پیپلز پارٹی کا رشتہ صرف سیاسی نہیں بلکہ خاندانی نوعیت کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں عوام نے پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا تھا، جبکہ گزشتہ چھ ماہ سے آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی حکومت عوام کی خدمت میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں اس سے بھی بہتر نتائج حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور کشمیری عوام کا تعلق تین نسلوں پر محیط ہے، جو قربانی، وفاداری اور عوامی خدمت پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کی۔
انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ اتحاد اور جذبے کے ساتھ انتخابی مہم میں حصہ لیں اور امیدوار ملک ظفر کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ مطلوب انقلابی کے بیٹے کو اسمبلی میں عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے دیکھیں، کیونکہ یہ خاندان ہمیشہ پارٹی اور عوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی ٹکٹ دیتے وقت واضح ہدایت کی گئی تھی کہ صرف انہی کارکنوں اور رہنماؤں کو ٹکٹ دیا جائے جنہوں نے مشکل وقت میں بھی پارٹی سے وفاداری نبھائی اور عوامی خدمت کو ترجیح دی۔
بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی جلاوطنی کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں بھی پارٹی کارکنوں نے ساتھ نہیں چھوڑا۔
انہوں نے چودھری یاسین کی وفاداری کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہر مشکل وقت میں پارٹی اور بھٹو خاندان کا ساتھ دیا اور وفاداری کی مثال قائم کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کوٹلی کے عوام نے ہمیشہ وفاداری اور بہادری کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کے بقول آزاد کشمیر کی تاریخ کا یہ انتہائی اہم انتخاب ہے، اس لیے عوام کو سوچ سمجھ کر اپنا فیصلہ کرنا چاہیے۔