اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)اونٹاریو اسمبلی کے 21 ہفتوں کے طویل وقفے کے آغاز کے بعد اگرچہ پریمیئر ڈگ فورڈ کو اپوزیشن کے سخت سوالات سے وقتی ریلیف مل گیا ہے، تاہم منگل کے روز صحافیوں کے سوالات نے انہیں مختلف تنازعات پر جواب دینے پر مجبور کر دیا۔
ٹورنٹو شہر میں نئی رہائشی تعمیرات کے لیے ترقیاتی فیسوں میں کمی کے مقصد سے وفاقی حکومت اور سٹی آف ٹورنٹو کے ساتھ مل کر 1.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے اعلان کے دوران فورڈ کو متعدد غیر متعلقہ سوالات کا سامنا کرنا پڑا، جن میں ان کی مقبولیت، رائے عامہ کے جائزے اور ہوائی اڈے کی توسیع جیسے موضوعات شامل تھے۔
پریمیئر ڈگ فورڈ نے اس ماہ جاری ہونے والے ایک سروے کو مسترد کر دیا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اونٹاریو کے ووٹرز میں ان کی مقبولیت 2018 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد اپنی کم ترین سطح، یعنی 21 فیصد، تک گر گئی ہے۔
ڈگ فورڈ نے کہا کہ اگر آج انتخابات ہوں تو ان کی جماعت نہ صرف اکثریت حاصل کرے گی بلکہ تاریخ کی ایک بڑی "سپر میجورٹی” بھی حاصل کرے گی انہوں نے کہا، "پولز کی اصل اہمیت صرف الیکشن کے دن ہوتی ہے۔”
فورڈ نے اپنی حکومت کی مختلف پالیسیوں کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان اقدامات سے شہریوں کے اربوں ڈالر بچائے گئے ہیں، جن میں ون فیئر پروگرام، لائسنس پلیٹ اسٹیکرز اور تجدیدی فیسوں کا خاتمہ، اور متعدد شاہراہوں پر ٹول ٹیکس ختم کرنا شامل ہے۔
انہوں نے اپنی جماعت کے داخلی سروے کے نتائج بھی پیش کیے جن کے مطابق ان کی جماعت کو 41 فیصد حمایت حاصل ہے، جبکہ صوبائی لبرل پارٹی 27 فیصد پر موجود ہے۔
اس کے باوجود فورڈ نے اصرار کیا کہ وہ رائے عامہ کے جائزوں کی پروا نہیں کرتے۔بعد ازاں انہیں بلی بشپ ٹورنٹو سٹی ایئرپورٹ کی توسیع کے منصوبے کے حوالے سے بھی سوالات کا سامنا کرنا پڑا۔ مختلف سرویز میں اس منصوبے کی عوامی حمایت میں کمی ظاہر ہونے کے باوجود فورڈ نے کہا کہ یہ منصوبہ انتہائی مقبول ہے اور ہزاروں نئی ملازمتیں پیدا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہوائی اڈے کی توسیع معیشت کو فروغ دے گی، مسافروں کے لیے سہولت پیدا کرے گی اور فضائی سفر میں مقابلے کے باعث کم نرخوں کا سبب بنے گی۔
فورڈ کے مطابق ٹورنٹو واحد بڑا شہر ہے جس کے پاس دو فعال ہوائی اڈے نہیں ہیں، اور اس منصوبے کی تکمیل شہر کے لیے انتہائی اہم ہے۔
فورڈ فیسٹ میں مظاہرین پر تنقید
پریمیئر ڈگ فورڈ نے گزشتہ جمعہ کو اسکاربورو کے تھامسن میموریل پارک میں منعقد ہونے والے سالانہ "فورڈ فیسٹ” پروگرام کے دوران ہونے والے احتجاج پر بھی تنقید کی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ او پی ایس ای یو (OPSEU) یونین کے مظاہرین بسوں میں بھر کر تقریب میں پہنچے اور انہوں نے بچوں اور خاندانوں کے سامنے نازیبا زبان استعمال کی، جس سے شرکاء کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
فورڈ نے کہا کہ "فورڈ فیسٹ گزشتہ 31 برسوں سے ایک خاندانی باربی کیو تقریب کے طور پر منعقد کیا جا رہا ہے۔ مجھے افسوس ہے کہ بعض افراد نے آ کر اسے متاثر کرنے کی کوشش کی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ مظاہرین تقریب میں تقریباً ایک گھنٹہ موجود رہے اور پھر واپس چلے گئے، جس کے بعد شرکاء نے تقریب سے بھرپور لطف اٹھایا۔
پریمیئر ڈگ فورڈ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ فورڈ فیسٹ میں ہر شخص کا خیر مقدم ہے، تاہم خاندانوں اور بچوں کے سامنے نازیبا رویہ اختیار کرنا مناسب نہیں۔