اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا ڈے کی تقریبات سے قبل ٹورنٹو اور گریٹر ٹورنٹو ایریا (GTA) کے مختلف علاقوں کے لیے انوائرمنٹ اینڈ کلائمیٹ چینج کینیڈا نے پیر کے روز اورنج لیول ہیٹ وارننگ جاری کر دی ہے، جس کے تحت آئندہ کئی روز تک شدید گرمی اور حبس کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اورنج لیول وارننگ شاذ و نادر ہی جاری کی جاتی ہے اور اس کا مطلب ہے کہ گرمی کے اثرات وسیع پیمانے پر اور انتہائی سنگین ہو سکتے ہیں۔ حکام نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
سٹی نیوز کی چیف موسمیات دان نتاشا رامسہائی نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی کی وارننگ کو ہرگز نظرانداز نہ کیا جائے کیونکہ دنیا بھر میں موسم سے متعلق اموات کی سب سے بڑی وجہ شدید گرمی ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بچوں اور پالتو جانوروں کو کسی بھی صورت گاڑی میں تنہا نہ چھوڑیں کیونکہ گاڑی کے اندر کا درجہ حرارت چند ہی منٹوں میں جان لیوا حد تک پہنچ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ زیادہ پانی پینے، گھروں کے پردے بند رکھنے، ضرورت پڑنے پر ایئر کنڈیشنڈ مقامات پر رہنے اور صبح 11 بجے سے سہ پہر 3 بجے کے درمیان غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ بیرونی ماحول میں کام کرنے والے افراد کو وقفے وقفے سے سایہ دار یا ٹھنڈی جگہوں پر آرام کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
پیر کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، تاہم رات کے وقت گرم ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہوگا جس کے باعث منگل کی صبح گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی موجود ہے۔
اصل شدید گرمی کا آغاز منگل سے ہوگا، جب درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہیومیڈیکس 44 تک پہنچنے کی توقع ہے، جس سے موسم انتہائی حبس زدہ محسوس ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ اور جمعرات کے دوران روزانہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کے پرانے ریکارڈ بھی ٹوٹ سکتے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق پیئرسن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اب تک ریکارڈ کیا گیا سب سے زیادہ درجہ حرارت 38.3 ڈگری سینٹی گریڈ تھا، جو 25 اگست 1948 کو سات روزہ ہیٹ ویو کے دوران ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے بعد دوسرا بلند ترین درجہ حرارت 37.9 ڈگری سینٹی گریڈ 21 جولائی 2011 کو آٹھ روزہ ہیٹ ویو کے دوران ریکارڈ کیا گیا تھا۔