فواد چوہدری کو گرفتار کرلیا گیا، عمران خان کی گرفتاری کا خدشہ ،کارکن زمان پارک کے باہر موجود

 

اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نائب صدر اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو پنجاب پولیس نے لاہور میں ان کے گھر سے گرفتار کر لیا۔

پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں فواد چوہدری کی گرفتاری کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ ’فواد چوہدری کو پولیس نے ان کے گھر سے گرفتار کیا ہے، امپورٹڈ حکومت خوف و ہراس کا شکار ہوگئی ہے‘

 

 

اپنے ایک اور پیغام میں فرخ حبیب نے کچھ گاڑیوں کی فوٹیج بھی شیئر کی اور دعویٰ کیا کہ پولیس کی یہ گاڑیاں فواد چوہدری کو گرفتار کرکے لے جارہی ہیں۔

 

اس سے قبل چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد زمان پارک کے باہر جمع ہوگئی۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان زمان پارک میں موجود ہیں، انہیں گرفتار کرکے دکھائیں، عمران خان کو گرفتار کرنا سازش ہے، ہماری شرافت کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کارکن ملک میں فسطائیت قائم نہیں ہونے دیں گے۔

ہمیں فالو کریں