اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) فورڈ کینیڈا نے ٹرانسمیشن کے پارک سسٹم میں ممکنہ تکنیکی خرابی کے باعث ملک بھر سے تقریباً 33 ہزار گاڑیاں واپس منگوانے کا اعلان کر دیا ہے۔
کمپنی کے مطابق خرابی بعض حالات میں ٹرانسمیشن کے پارک میکانزم کو متاثر کر سکتی ہے، جس کے نتیجے میں گاڑی ‘پارک موڈ میں محفوظ طریقے سے نہ رہ سکے اور اچانک حرکت کرنے کا خطرہ پیدا ہو جائے۔فورڈ نے متاثرہ گاڑیوں کے مالکان کو ہدایت کی ہے کہ مرمت مکمل ہونے تک گاڑی پارک کرتے وقت الیکٹرانک پارکنگ بریک کا لازمی استعمال کریں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس خرابی سے متعلق اب تک کسی ہلاکت یا زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔واپس منگوائی گئی گاڑیوں میں 2021 ماڈل کی فورڈ F-150، 2018 سے 2021 ماڈل کی فورڈ ایکسپیڈیشن اور لنکن نیویگیٹر، جبکہ 2020 اور 2021 ماڈل کی بعض فورڈ ایکسپلورر اور لنکن ایوی ایٹر گاڑیاں شامل ہیں۔
کمپنی کے مطابق مجاز ڈیلرز متاثرہ گاڑیوں کے پاور ٹرین کنٹرول ماڈیول کے سافٹ ویئر کو اپ ڈیٹ کریں گے، جبکہ ٹرانسمیشن کے پارکنگ لاک کا معائنہ بھی کیا جائے گا۔ اگر کوئی پرزہ خراب پایا گیا تو اسے مالکان سے کسی بھی قسم کی فیس لیے بغیر تبدیل کیا جائے گا۔فورڈ نے بتایا کہ متاثرہ گاڑیوں کے مالکان کو بذریعہ ڈاک اطلاع دی جائے گی، جس میں مرمت کے طریقہ کار اور ڈیلرشپ سے رابطے کی تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔
مالکان اپنی گاڑی کا وی آئی این (VIN) نمبر استعمال کرتے ہوئے بھی معلوم کر سکتے ہیں کہ آیا ان کی گاڑی اس ریکال کا حصہ ہے یا نہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل اسی نوعیت کے ٹرانسمیشن مسئلے کے باعث امریکہ میں بھی فورڈ کی 7 لاکھ 41 ہزار سے زائد گاڑیاں واپس منگوائی جا چکی ہیں۔