اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جب کہ شہر کے انڈر پاسز سمیت کئی علاقوں میں پانی کھڑا ہے۔
پیر اور منگل کی درمیانی شب کراچی کے کئی علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش ہوئی جب کہ شہر میں منگل کی صبح سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
ڈیفنس فیز 4 کی سڑکوں اور گھروں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا ہے جبکہ خیابان نشاط، کمرشل ایریا اور فیز 6 کے بعض علاقوں میں بھی بارش کا پانی جمع ہے
اولڈ سٹی ایریا اور ٹاور پر بھی بارش کا پانی جمع ہے جب کہ گلشن اقبال 13 ڈی نالہ اوور فلو ہوگیا، یونیورسٹی روڈ پر نیپا پل اور وفاقی اردو یونیورسٹی کے سامنے بھی پانی کھڑا ہے۔
کلفٹن میں سب میرین انڈر پاس میں بارش کا پانی جمع ہوگیا ہے جس کے باعث انڈر پاس بند ہے، خیابان شہباز سے اتحاد جانے اور جانے والے دونوں ٹریک پر پانی کھڑا ہے، خیابان راحت میں بارش کا پانی کھڑا ہے اور نکاسی کا کام نہیں کیا گیا جب کہ خیابان شہباز راحت بخاری کمرشل ایریا کی گلیاں اور سڑکیں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔