اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے اہم ملاقات کی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور جاری کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں جانب سے خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
بات چیت میں اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے دوسرے دور کے انعقاد سے متعلق سفارتی کوششوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ تنازع کے دیرپا حل کے لیے سفارتی رابطوں کا تسلسل برقرار رکھنا ناگزیر ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے جنگ بندی میں توسیع کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقدام کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی میں توسیع خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے اور اس سے صورتحال بہتر ہونے کی امید پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ایران کی جانب سے بھی مثبت اور ذمہ دارانہ ردعمل سامنے آئے گا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر مسئلے کے پرامن حل کے لیے ہر سطح پر کوششیں کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق امید ہے کہ تمام فریقین سفارتی راستے کو موقع دیں گے تاکہ تنازع کو مزید بڑھنے سے روکا جا سکے۔
اس موقع پر امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے خطے میں امن کے قیام اور تنازع کے حل کے لیے پاکستان کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششیں علاقائی استحکام کے لیے اہم ہیں اور ان کا خیرمقدم کیا جاتا ہے۔