اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان ایک تاریخی اور یادگار لمحے کا گواہ بن رہا ہے، جہاں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امن عمل کو کامیاب بنانے کے لیے دن رات محنت کی اور سفارتی میدان میں پاکستان کو نمایاں کامیابی دلائی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس پیش رفت میں پاکستان کے کردار پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی کاوشیں رنگ لائیں جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ سمیت تمام متعلقہ شخصیات نے امن کے قیام کے لیے اہم کردار ادا کیا۔
خواجہ آصف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے سفارتی محاذ پر امن کے لیے ایک بڑی جدوجہد کی اور اس میں کامیابی حاصل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کی قیادت اور اداروں کے درمیان مؤثر تعاون نے ایک مشکل مرحلے کو کامیابی سے مکمل کیا، جس کے باعث پاکستان کو اپنی 78 سالہ تاریخ میں ایک منفرد اور باوقار مقام حاصل ہوا ہے۔
وزیر دفاع نے امریکی قیادت کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے تمام فریقین کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل قریب میں فلسطین کا مسئلہ بھی حل ہوگا اور غزہ کے عوام کو ان کے حقوق حاصل ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی میدان میں بھی ایک اہم جدوجہد کر رہا ہے اور قوم کے اتحاد سے اس محاذ پر بھی کامیابی حاصل کی جائے گی۔ خواجہ آصف نے زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف ریاستی اداروں کی نہیں بلکہ پوری قوم کی جنگ ہے، جس میں قومی یکجہتی اور تعاون ناگزیر ہے۔
وزیر دفاع کے مطابق پاکستان نے حالیہ سفارتی پیش رفت کے ذریعے عالمی سطح پر اپنے مثبت کردار کو اجاگر کیا ہے اور امن و استحکام کے فروغ میں اپنی اہمیت کو ایک بار پھر منوایا ہے۔