کینیڈا میں مہنگائی اور غربت کا بحران شدت اختیار کرگیا، 31 فیصد شہری کھانے میں کمی کرنے پر مجبور

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا میں مہنگائی اور بڑھتے ہوئے اخراجات نے عام شہریوں کی زندگی مشکل بنا دی ہے، جہاں ہر تین میں سے ایک شہری خوراک کی قیمتیں برداشت نہ کرسکنے کے باعث کھانا چھوڑنے یا اپنی خوراک کی مقدار کم کرنے پر مجبور ہوگیا ہے۔ خصوصاً نوجوانوں میں غذائی مشکلات کی شرح زیادہ سامنے آئی ہے جبکہ امریکی محصولات (ٹیرف) کے باعث تجارتی کشیدگی نے کینیڈین معیشت اور گھریلو بجٹ پر دباؤ مزید بڑھا دیا ہے۔

سالویشن آرمی کی جانب سے جاری کردہ غربت اور سماجی و معاشی صورتحال سے متعلق 2026 کی سالانہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کینیڈا میں غذائی عدم تحفظ کی صورتحال گزشتہ سال کے مقابلے میں مزید خراب ہوئی ہے۔ سروے میں 1500 سے زائد کینیڈین شہریوں کی آرا شامل کی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق 31 فیصد شہریوں نے اعتراف کیا کہ وہ گروسری اور اشیائے خورونوش کی قیمتیں برداشت نہ کرسکنے کے باعث کھانے چھوڑنے یا کھانے کی مقدار کم کرنے پر مجبور ہوئے۔ گزشتہ سال ایسے شہریوں کی شرح 27 فیصد تھی، جس سے ایک سال کے دوران غذائی مشکلات میں اضافے کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

فوڈ بینک استعمال کرنے والے شہریوں کی تعداد میں اضافہ

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خوراک کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کمیونٹی سپورٹ اور فوڈ بینکوں سے مدد لینے والے افراد کی تعداد بھی بڑھ گئی ہے۔ رواں سال سروے میں شامل 15 فیصد افراد نے بتایا کہ انہوں نے خوراک کے حصول کے لیے فوڈ بینکوں یا دیگر کمیونٹی معاونتی اداروں سے مدد حاصل کی، جبکہ گزشتہ سال یہ شرح 11 فیصد تھی۔

سالویشن آرمی کے لیے ایڈل مین ڈیٹا اینڈ انٹیلی جنس کی جانب سے کیے گئے اس سروے میں نوجوانوں کی صورتحال خاص طور پر تشویشناک سامنے آئی ہے۔

نوجوان سب سے زیادہ غذائی بحران کا شکار

18 سے 34 سال کی عمر کے افراد میں 41 فیصد نے بتایا کہ وہ خوراک کی قیمتیں برداشت نہ کرسکنے کے باعث کھانا چھوڑنے یا کھانے کی مقدار کم کرنے پر مجبور ہوئے۔ یہ شرح مجموعی قومی اوسط سے 10 فیصد پوائنٹس زیادہ ہے۔

اسی عمر کے 23 فیصد نوجوانوں نے خوراک کے حصول کے لیے فوڈ بینکوں اور دیگر کمیونٹی معاونتی سہولیات سے مدد لینے کا اعتراف کیا۔

یہ بھی پڑھیں :ایئر کینیڈا لیبر تنازع شدت اختیار کر گیا،پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان،مسافر پریشان

رپورٹ کے مطابق نوجوانوں کو درپیش یہ مشکلات کینیڈا میں بڑھتے ہوئے رہائشی اخراجات، مہنگائی اور روزمرہ ضروریات کی قیمتوں میں اضافے کے وسیع تر معاشی دباؤ کی عکاسی کرتی ہیں۔

امریکی ٹیرف سے مہنگائی بڑھنے کا خدشہ

سروے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عائد کردہ تجارتی محصولات اور ان کے کینیڈین معیشت پر اثرات کے حوالے سے بھی شہریوں میں بڑھتی ہوئی تشویش سامنے آئی ہے۔

تقریباً 90 فیصد شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ امریکا اور کینیڈا کے درمیان تجارتی جنگ کے نتیجے میں روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

سروے میں شامل پانچ میں سے تین افراد نے بتایا کہ امریکی محصولات کے اثرات ان کے گھریلو بجٹ پر پہلے ہی محسوس کیے جارہے ہیں، جس کے باعث اشیائے ضروریہ کی خریداری اور دیگر اخراجات پورے کرنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔

رہائش کے اخراجات نے بھی شہریوں کی مشکلات بڑھا دیں

کینیڈا میں غربت سے متعلق رپورٹ نے رہائشی بحران کی سنگینی بھی اجاگر کی ہے۔ سروے میں شامل نصف شہریوں نے کہا کہ انہیں یقین نہیں کہ وہ اپنے موجودہ علاقے میں ایسا متبادل گھر تلاش کرسکیں گے جو ان کے بجٹ میں بھی ہو اور ان کے خاندان کی ضروریات بھی پوری کرتا ہو۔

مزید یہ کہ 24 فیصد افراد نے بتایا کہ وہ اپنی ٹیکس کٹوتی کے بعد حاصل ہونے والی آمدن کا کم از کم نصف حصہ رہائش کے اخراجات پر خرچ کررہے ہیں۔

بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے 50 فیصد شہریوں کو اپنی جمع پونجی استعمال کرنا پڑی، جبکہ 40 فیصد نے قرض لینے یا کریڈٹ کارڈ اور دیگر کریڈٹ سہولیات سے مدد حاصل کرنے کا اعتراف کیا۔

سالویشن آرمی نے صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دے دیا

سالویشن آرمی کے اسٹریٹجک انگیجمنٹ ڈائریکٹر گلین وین گلِک نے سروے کے نتائج کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بہت سے خاندانوں کے لیے اب اخراجات پورے کرنے کا مسئلہ غیرضروری خریداری کم کرنے تک محدود نہیں رہا بلکہ انہیں خوراک، رہائش اور دیگر بنیادی ضروریات میں سے کسی ایک کو ترجیح دینے جیسے مشکل فیصلے کرنا پڑ رہے ہیں۔

ان کے مطابق خاندانوں کو بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے اپنی مالی استطاعت سے بڑھ کر اقدامات کرنا پڑ رہے ہیں، جو ملک میں غربت اور معاشی دباؤ کی سنگین صورتحال کو ظاہر کرتا ہے۔

یہ سروے ستمبر میں کئی روز تک جاری رہا اور اس میں کینیڈا کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو شامل کیا گیا۔ سروے میں سالویشن آرمی کی خدمات استعمال کرنے والے موجودہ اور سابق افراد بھی شامل تھے۔ تاہم کینیڈا کے شمالی علاقوں کو اس تحقیق میں شامل نہیں کیا گیا اور سروے کے غیر احتمالی طریقہ کار کے باعث اس کے لیے روایتی مارجن آف ایرر بھی مقرر نہیں کیا جاسکا۔

ہمیں فالو کریں

[uw_related_posts]