ٹورنٹو میں سائیکل ٹریکس کے خلاف احتجاج کرنے والے 4 افراد کے حقوق متاثر ہونے کا دعویٰ، پولیس پر آئینی خلاف ورزی کا الزام

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں بلور اسٹریٹ ویسٹ پر سائیکل سواروں کے لیے مختص راستے (بائیک لینز) ختم کرنے کے خلاف احتجاج کرنے والے چار افراد کے وکیل نے پولیس پر شہریوں کے آئینی حقوق کی خلاف ورزی کا الزام عائد کردیا ہے۔ وکیل کے مطابق ٹورنٹو پولیس نے گرفتار افراد کو رہائی کے لیے ایسی شرائط پر دستخط کرنے پر مجبور کیا جن کے تحت وہ مستقبل میں کسی احتجاج میں شرکت نہیں کرسکتے۔

کمیونٹی جسٹس کلیکٹو کی وکیل لیورا اسمتھ کا کہنا ہے کہ پولیس نے گرفتار افراد کے سامنے دو راستے رکھے تھے، یا تو وہ رات جیل میں گزاریں یا پھر ایک دستاویز پر دستخط کرکے رہائی حاصل کریں، جس میں انہیں آئندہ احتجاجی مظاہروں میں شرکت سے روکنے کی شرط شامل تھی۔ وکیل کے مطابق گرفتار افراد نے جیل میں رہنے سے بچنے کے لیے دستاویز پر دستخط کیے، تاہم اب ان شرائط کو غیر آئینی قرار دیا جارہا ہے۔

احتجاج کا حق چھیننے کی اجازت کسی کو نہیں، وکیل

لیورا اسمتھ نے منگل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مؤکلوں پر عائد کردہ شرائط ان کے بنیادی آئینی حقوق، بالخصوص آزادی اظہار، آزادیِ انجمن سازی اور پُرامن اجتماع کے حق کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو کسی بھی شہری سے احتجاج کا حق ترک کرنے کا مطالبہ کرنے کا قانونی یا اخلاقی اختیار حاصل نہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ رہائی کی شرائط عموماً اس وقت عائد کی جاتی ہیں جب کسی گواہ یا متاثرہ شخص کا تحفظ مقصود ہو، ملزم کی عدالت میں حاضری یقینی بنانی ہو یا کسی دوسرے جرم کی روک تھام ضروری ہو، تاہم پُرامن احتجاج بذات خود کوئی جرم نہیں ہے۔

ٹورنٹو پولیس کا مؤقف بھی سامنے آگیا

دوسری جانب ٹورنٹو پولیس سروس نے وضاحت کی ہے کہ گرفتار افراد کو محض احتجاج میں شرکت کرنے پر حراست میں نہیں لیا گیا بلکہ ان پر تعمیراتی عملے کو کام مکمل کرنے سے مبینہ طور پر روکنے کے الزامات ہیں۔

پولیس کے مطابق چاروں افراد کو پولیس کے کام میں رکاوٹ ڈالنے اور املاک میں مداخلت کرکے نقصان پہنچانے سے متعلق الزامات کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :ٹورنٹو کے فنکار کی حقیقی خاندانی کہانی میوزیکل ڈرامے میں تبدیل، 35 سے زائد بہن بھائیوں کا انکشاف

پولیس ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹورنٹو پولیس پُرامن احتجاج کے حق کو تسلیم کرتی اور اس کا احترام کرتی ہے۔ مظاہرین کو واضح کردیا گیا تھا کہ وہ بائیک لینز کے خاتمے کے فیصلے کے خلاف اپنے خیالات کا اظہار کرسکتے ہیں، تاہم اگر کوئی شخص غیرقانونی طور پر تعمیراتی کام میں رکاوٹ ڈالے یا پولیس اہلکاروں کے فرائض میں مداخلت کرے تو اسے گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کیا جاسکتا ہے۔

رہائی کی شرائط پر قانونی اعتراضات کے حوالے سے پولیس کا کہنا تھا کہ انفرادی مقدمات کی مخصوص شرائط پر تبصرہ نہیں کیا جائے گا اور ان کی قانونی حیثیت یا موزونیت کو چیلنج کرنے کے لیے عدالت ہی مناسب فورم ہے۔

13 اکتوبر سے شروع ہونے والے احتجاج کے بعد بائیک لینز ختم

بلور اسٹریٹ ویسٹ پر سائیکل ٹریکس ختم کرنے کے خلاف احتجاج 13 اکتوبر کو شروع ہوا تھا۔ پہلے روز مظاہرین نے تعمیراتی عملے کو کام شروع کرنے سے روک دیا اور احتجاج کے باعث کام کے لیے آنے والی گاڑیوں کو واپس جانا پڑا۔

اگلی صبح تعمیراتی ٹیم دوبارہ پہنچی اور سائیکل ٹریکس کے لیے نصب کنکریٹ کی رکاوٹیں، عکاس پٹیاں اور ٹرانزٹ پلیٹ فارمز سمیت دیگر بنیادی ڈھانچے کو ہٹانے کا کام شروع کردیا۔

اس دوران سائیکل سواروں اور تعمیراتی عملے کے درمیان کشیدگی بھی پیدا ہوئی۔ مظاہرین نے ایک ورک ٹرک کا راستہ روک لیا، جس کے بعد پولیس نے مداخلت کرکے صورتحال کو قابو کیا۔ تاہم سڑک پر کنکریٹ کی رکاوٹ پر بیٹھے ایک شخص نے وہاں سے ہٹنے سے انکار کیا تو اسے گرفتار کرلیا گیا۔

بعد ازاں مزید گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں اور بالآخر بلور اسٹریٹ ویسٹ سے بائیک لینز ہٹانے کا کام مکمل کرلیا گیا۔

یہ منصوبہ اونٹاریو کی فورڈ حکومت کے اس منصوبے کے تحت سائیکل ٹریکس ہٹانے کا پہلا مکمل ہونے والا منصوبہ تھا جس کا مقصد ٹورنٹو کی اہم شاہراہوں پر گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے سڑک کی گنجائش بحال کرنا ہے۔

اونٹاریو حکومت کا ٹریفک جام ختم کرنے پر زور

اونٹاریو کے وزیر ٹرانسپورٹ پرابمیت سرکاریا نے کہا ہے کہ حکومت کو ٹریفک جام کے خاتمے، گاڑیوں کے لیے لینز بحال کرنے اور ڈرائیوروں کی آمدورفت بہتر بنانے کا واضح مینڈیٹ ملا ہے اور حکومت اسی سمت میں کام کررہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سائیکل ٹریکس وہاں ہونے چاہئیں جہاں ان کی ضرورت ہو، نہ کہ ایسی جگہوں پر جہاں وہ ٹریفک کی روانی متاثر کرنے کا سبب بنیں۔

حکومت کی جانب سے بلور اسٹریٹ کے علاوہ یونگ اسٹریٹ اور یونیورسٹی ایونیو سمیت ٹورنٹو کی دیگر اہم شاہراہوں سے بھی بائیک لینز ہٹانے کا منصوبہ آگے بڑھانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

احتجاجی منتظمین کا تحریک جاری رکھنے کا اعلان

بائیک لینز ہٹانے کے خلاف احتجاجی تحریک کے مرکزی منتظم اور دی بائیکنگ لائر ایل ایل پی کے بانی پارٹنر ڈیوڈ شیلنٹ نے ٹورنٹو پولیس کے طرزِ عمل کو سخت گیر قرار دیتے ہوئے تنقید کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلور اسٹریٹ ویسٹ پر احتجاج کے دوران پولیس کی درجنوں گاڑیاں موجود تھیں، جن میں رائٹ پولیس، گھڑ سوار دستے، سائیکل پولیس اور نگرانی کے لیے ڈرونز بھی شامل تھے۔

ڈیوڈ شیلنٹ نے کہا کہ شہری محفوظ سائیکلنگ انفراسٹرکچر کے تحفظ کے لیے احتجاج کررہے تھے، لیکن اس دوران پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ شہریوں نے پہلے سائیکل ٹریکس کی تعمیر کے اخراجات ادا کیے، اب انہیں ختم کرنے کے لیے بھی ٹیکس ادا کررہے ہیں اور اس عمل کے دوران پولیس کی تعیناتی کے اخراجات بھی عوام ہی برداشت کررہے ہیں۔

احتجاجی منتظمین نے واضح کیا ہے کہ بلور اسٹریٹ سے بائیک لینز ختم ہونے کے باوجود وہ سائیکل سواروں کے محفوظ راستوں کے تحفظ کے لیے اپنی احتجاجی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔

ہمیں فالو کریں

[uw_related_posts]