اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا کے شہر مونٹریال میں قائم ٹیکنالوجی کمپنی ون آفس (OneOffice) نے پاکستان میں اپنی خدمات متعارف کرانے کے لیے اسلام آباد کی آئی ٹی کمپنی زیل گلوبل (Ziel Global) کے ساتھ تجارتی معاہدہ کرلیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت پاکستان میں ڈومین پر مبنی کاروباری ای میل، کلاؤڈ ہوسٹنگ اور مکمل دفتری سافٹ ویئر سروسز فراہم کی جائیں گی۔
اس پیش رفت کو پاکستان میں کینیڈین آئی ٹی کمپنی کی جانب سے کاروباری سرگرمیوں کے آغاز اور بین الاقوامی ٹیکنالوجی سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔ معاہدے کا مقصد پاکستانی سرکاری و نجی اداروں کو جدید ڈیجیٹل سہولیات نسبتاً کم قیمت پر فراہم کرنا ہے۔
ڈیٹا کی میزبانی پر صارفین کو اختیار حاصل ہوگا
ون آفس کے پلیٹ فارم کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ صارفین اپنی ضرورت اور پالیسی کے مطابق سروس کو اپنی پسند کے کلاؤڈ پر چلا سکیں گے۔ اس میں اپنے سرورز پر ڈیٹا ہوسٹ کرنے کا آپشن بھی شامل ہے، جس سے پاکستانی اداروں کو ڈیٹا کی میزبانی اور سکیورٹی سے متعلق حکومتی پالیسیوں کے مطابق نظام ترتیب دینے میں سہولت مل سکتی ہے۔
کمپنی کا سافٹ ویئر ایک ہی پلیٹ فارم پر جدید ای میل سروس، دستاویزات کی تیاری اور تدوین، فائلوں کی شیئرنگ، چیٹ، ویڈیو کالز، پراجیکٹ مینجمنٹ، انٹرپرائز ریسورس پلاننگ (ERP) اور مصنوعی ذہانت کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ کمپنی کے مطابق پلیٹ فارم میں ڈیٹا کے تحفظ کے لیے انکرپشن بھی شامل ہے۔
سالانہ کروڑوں ڈالر کی بچت کا امکان
معاہدے کے حوالے سے پیش کیے گئے تخمینوں کے مطابق پاکستان میں اس وقت لاکھوں ڈومین پر مبنی ای میل اکاؤنٹس اور دفتری سافٹ ویئر کے سبسکرپشنز استعمال ہو رہے ہیں۔ صارفین اوسطاً ہر اکاؤنٹ یا سبسکرپشن پر سالانہ 84 امریکی ڈالر خرچ کرتے ہیں۔
ون آفس کی جانب سے اپنے عالمی حریفوں کے مقابلے میں نصف سے بھی کم قیمت پر سافٹ ویئر فراہم کرنے کے باعث پاکستانی اداروں اور صارفین کے اخراجات میں نمایاں کمی آسکتی ہے۔ تخمینوں کے مطابق اس متبادل نظام کے وسیع پیمانے پر استعمال سے پاکستان سالانہ کروڑوں ڈالر کی بچت کرسکتا ہے۔
متعدد ممالک میں پہلے سے خدمات فراہم کررہی ہے کمپنی
ون آفس اس وقت اپنے مختلف عالمی شراکت داروں کے ذریعے الجزائر، کیمرون، مصر، ایتھوپیا، سعودی عرب اور جنوبی افریقہ سمیت متعدد ممالک میں حکومتوں اور بڑے کاروباری اداروں کو خدمات فراہم کررہی ہے۔
اس کے شراکت داروں میں ایس ٹی سی (STC)، زین، ووڈافون، سیتا (SITA)، ٹیلی کام، ایتھوپین ٹیلی کام، ایم ٹی این (MTN) اور جیزی (Djezzy) شامل ہیں۔
پاکستانی قونصل جنرل کی کوششیں رنگ لے آئیں
اس تجارتی معاہدے کو مونٹریال میں پاکستان کے قونصل جنرل فیصل آبرو کی معاونت سے ممکن بنایا گیا۔ یہ پیش رفت پاکستان میں بین الاقوامی آئی ٹی کمپنیوں کو کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے اور حکومت پاکستان کے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبے کو وسعت دینے کے وژن سے بھی ہم آہنگ ہے۔
