اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)روس کے تازہ میزائل اور ڈرون حملوں نے یوکرین کے وسطی علاقے دنیپروپیٹروفسک میں بجلی کا نظام متاثر کردیا، جس کے نتیجے میں دو لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہوگئے۔ حکام کے مطابق دنیپرو شہر اور گردونواح میں بجلی کی فراہمی بڑے پیمانے پر معطل ہے جبکہ توانائی کی تنصیبات کی بحالی کا کام جاری ہے۔
یوکرینی فضائیہ کے مطابق روس نے رات کے وقت ملک کے مختلف علاقوں پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے حملے کیے۔ ان حملوں کے نتیجے میں دنیپرو شہر میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی اور کئی علاقوں کو ہنگامی طور پر بجلی بند کرنے کے احکامات جاری کرنا پڑے۔
متعلقہ بجلی کمپنی کا کہنا ہے کہ گرڈ آپریٹر نے دنیپرو شہر، اس کے نواحی اضلاع اور پاولوہراد کے بعض علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر بجلی کی بندش کا فیصلہ کیا۔ روسی حملوں سے بجلی کی تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے، تاہم توانائی کے شعبے کے کارکن متاثرہ نظام کو دوبارہ فعال بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :سعودی عرب پر حوثیوں کے تین ڈرون حملے ناکام، مدینہ منورہ کی جانب آنے والا ڈرون بھی مار گرایا گیا
یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب ایک روز قبل جمعرات کو دنیپرو کے مصروف ریلوے پلیٹ فارم پر روسی ڈرون حملے میں کم از کم 14 افراد ہلاک اور ایک درجن سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے اس واقعے کو ہولناک قرار دیا تھا۔
یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ روس جنگ کے دوران مسلسل توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنا رہا ہے تاکہ ملک کی مزاحمتی صلاحیت متاثر کی جاسکے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ سردیوں کی آمد سے پہلے بجلی اور حرارتی نظام پر حملوں کے باعث لاکھوں شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
دوسری جانب روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے رات کے دوران روس کے مختلف علاقوں میں یوکرین کے ایک ہزار سے زائد ڈرون مار گرائے۔ یہ اعدادوشمار روسی وزارت دفاع کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں۔
