کیوبیک میں انتخابی شکست کے بعد سی اے کیو کا نیا عبوری سربراہ مقرر، میتھیو لیوسک کو پارٹی کی بحالی کا چیلنج

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا کے صوبے کیوبیک میں حالیہ صوبائی انتخابات میں بدترین شکست کے بعد سیاسی جماعت کولیشن ایونیر کیوبیک (سی اے کیو) نے میتھیو لیوسک کو اپنا عبوری سربراہ مقرر کردیا ہے۔

انہوں نے ہفتے کی شب یہ ذمہ داری سنبھالی۔ ان کی تقرری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب جماعت صوبائی اسمبلی میں اپنی تمام نشستیں کھو چکی ہے اور اسے سیاسی طور پر دوبارہ منظم ہونے کے لیے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔

میتھیو لیوسک سابق رکن صوبائی اسمبلی ہیں اور آؤٹاوے کے علاقے سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ اس سے قبل کرسٹین فریشیت کی حکومت میں نوجوانوں کے امور کے وزیر اور علاقائی امور کے ذمہ دار وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ اب ان کے سامنے پارٹی کو دوبارہ فعال بنانے، کارکنوں کا اعتماد بحال کرنے اور مستقبل کی قیادت کے لیے راستہ ہموار کرنے کی ذمہ داری ہے۔

انتخابی شکست کے بعد قیادت میں تبدیلی

سی اے کیو کی سابق سربراہ کرسٹین فریشیت نے 5 اکتوبر کو ہونے والے صوبائی انتخابات میں جماعت کی بدترین کارکردگی کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان انتخابات میں پارٹی ایک بھی نشست حاصل نہیں کرسکی، حالانکہ صوبائی اسمبلی کی تحلیل سے قبل اس کے پاس 79 ارکان تھے۔

میتھیو لیوسک بھی اپنی نشست برقرار رکھنے میں ناکام رہے۔ وہ 2018 سے چیپلو کے حلقے کی نمائندگی کررہے تھے، تاہم حالیہ انتخابات میں تیسرے نمبر پر رہے۔ لبرل امیدوار مشیل لانژوین نے 37.46 فیصد ووٹ حاصل کیے، جبکہ لیوسک کو صرف 16.52 فیصد ووٹ ملے۔ کیوبیک پارٹی کی امیدوار میکسیا مالٹے بھی ان سے آگے رہیں۔

یہ نتائج سی اے کیو کے لیے ایک بڑے سیاسی دھچکے کی حیثیت رکھتے ہیں، کیونکہ جماعت کو نہ صرف حکومتی اقتدار سے محرومی کا سامنا کرنا پڑا بلکہ اسمبلی میں نمائندگی بھی ختم ہوگئی۔

لیوسک نے پارٹی کی شناخت برقرار رکھنے کا عزم ظاہر کردیا

عبوری سربراہ مقرر ہونے کے بعد میتھیو لیوسک نے کہا کہ وہ اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ سی اے کیو کیوبیک کی سیاست میں ایک حقیقی تیسرا راستہ پیش کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :کیوبیک میں علیحدگی پسند جماعت کی واپسی، کینیڈا کی قومی سیاست اور وفاقی حکومت کے لیے نئے چیلنجز

انہوں نے کہا کہ جماعت کو اجتماعی طور پر اپنی کارکردگی کا جائزہ لینا ہوگا اور اس اہم ذمہ داری کو عاجزی کے ساتھ قبول کرتے ہیں۔

سی اے کیو کی قومی ایگزیکٹو کونسل کے مطابق لیوسک جماعت کے بانی ارکان میں شامل ہیں اور 2012 سے اس کے ساتھ وابستہ ہیں۔ وہ پارٹی کے نوجوان کارکنوں کی تنظیم کے سربراہ سمیت مختلف ذمہ داریاں بھی انجام دے چکے ہیں۔

پارٹی کی صدر سارہ بیومیر نے ان کی تقرری پر کہا کہ لیوسک جماعت کے اہم رہنماؤں میں سے ہیں اور پارٹی کی بنیادی شناخت سے بخوبی واقف ہیں۔

سابق رہنماؤں اور سیاسی مخالفین کا ردعمل

سابق سربراہ کرسٹین فریشیت نے بھی لیوسک کی تقرری کا خیرمقدم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے گزشتہ چار برسوں کے دوران قومی اسمبلی میں لیوسک کے ساتھ کام کیا اور وہ کیوبیک کے مختلف علاقوں کی ترقی میں کردار ادا کرتے رہے ہیں۔

سابق وزیراعظمِ کیوبیک اور سی اے کیو کے سابق رہنما فرانسوا لیگو نے بھی لیوسک کو سراہا۔ انہوں نے انہیں ایک ذہین شخصیت قرار دیتے ہوئے فرانسیسی زبان کے تحفظ اور کیوبیک کے قومی تشخص سے متعلق اختیارات کے حصول کے لیے ان کی وابستگی کا ذکر کیا۔

دوسری سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی نئے عبوری سربراہ کو مبارک باد دی۔ نامزد وزیراعظمِ کیوبیک پال سینٹ پیئر پلامونڈون، لبرل رہنما چارلس ملیار اور کیوبیک سولیدیر کی ترجمان روبہ غزال نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

پیشہ ورانہ طور پر وکیل لیوسک 2013 سے کیوبیک بار کے رکن ہیں۔ انہوں نے 2022 میں لا کولور سی اے کیو کے عنوان سے ایک کتاب بھی لکھی، جس میں جماعت کی شناخت اور نظریاتی سمت کا جائزہ لیا گیا ہے۔

اب ان کی اصل ذمہ داری جماعت کی تنظیم نو اور مستقبل کی قیادت کے انتخاب کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔ حالیہ انتخابی نتائج کے بعد سی اے کیو کو یہ بھی طے کرنا ہوگا کہ وہ کیوبیک کے ووٹرز کا اعتماد دوبارہ کیسے حاصل کرے گی اور صوبائی سیاست میں اپنی جگہ کس طرح بحال کرے گی۔

ہمیں فالو کریں

[uw_related_posts]