اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو عالمی مالیاتی ادارے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ سے 1.3 ارب ڈالر کی قسط موصول ہو گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیے میں اس رقم کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ یہ ادائیگی وی ایف ایف اور آر ایس ایف پروگرام کے تحت کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے ایگزیکٹو بورڈ نے آٹھ مئی کو پاکستان کے لیے تیسرے جائزے کی منظوری دی تھی، جس کے بعد یہ قسط جاری کی گئی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر 760 ملین ایس ڈی آر کی منظوری دی گئی جبکہ آر ایس ایف پروگرام کے تحت 154 ملین ایس ڈی آر کی دوسری قسط بھی شامل ہے۔ مجموعی طور پر 914 ملین ایس ڈی آر اسٹیٹ بینک کو موصول ہوئے ہیں۔
یہ رقم پاکستانی روپے میں شامل نہیں کی جاتی بلکہ ملک کے زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ کرتی ہے، جسے پندرہ مئی دو ہزار چھبیس کو ختم ہونے والے ہفتے کے ذخائر میں ظاہر کیا جائے گا۔حکام کے مطابق اس فنڈ کی آمد سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر کو وقتی طور پر سہارا ملے گا۔
موجودہ پروگرام کے تحت اب تک پاکستان کو مجموعی طور پر 4.6 ارب ڈالر جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ ملک نے ستمبر دو ہزار چوبیس میں 37 ماہ کا ایک توسیعی مالیاتی پروگرام حاصل کیا تھا۔