اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)پاکستان کی وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے محکمہ تحفظ نباتات کے تین رکنی سرکاری وفد نے اوٹاوا میں پاکستانی ہائی کمشنر محمد سلیم سے ملاقات کی اور زرعی و غذائی تجارت سمیت متعلقہ شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
وفد کی قیادت محکمہ تحفظ نباتات کی پرنسپل سائنٹیفک آفیسر ڈاکٹر عظمٰی ستارہ نے کی، جبکہ وفد میں سینئر سائنٹیفک آفیسر محمد حسن چاچڑ اور قرنطینہ و پاکستان سنگل ونڈو سے وابستہ ماہرِ حشرات طیب ولایت بھی شامل تھے۔
پاکستانی وفد ان دنوں کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں موجود ہے، جہاں وہ 26 سے 30 اکتوبر 2026 تک جاری رہنے والے ایک خصوصی سیمینار میں شرکت کر رہا ہے۔ اس سیمینار کا انعقاد کینیڈین فوڈ انسپیکشن ایجنسی نے کیا ہے، جس میں کینیڈا کے غذائی تحفظ، خوراک کے معیار، صحت، پودوں اور جانوروں کی صحت سے متعلق ضابطہ جاتی نظام پر آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :کینیڈا میں پاکستانی سفارتی مشنز کی جانب سے یومِ استحصال کی تقریبات،ظلم کیخلاف جدوجہد جاری رہے گی،ہائی کمشنر محمد سلیم
ملاقات کے دوران پاکستانی ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان زرعی و غذائی تجارت میں بڑھتے ہوئے تعاون کو سراہا۔
انہوں نے متعلقہ شعبوں میں ادارہ جاتی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور ضابطہ جاتی نظام سے متعلق تربیتی و تکنیکی اقدامات کو بھی اہم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور روابط کو مزید وسعت دینے میں معاون ثابت ہوں گے۔
