اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )کینیڈا میں زرعی شعبے سے وابستہ تنظیموں نے ایک نئے نجی رکن کے بل کا خیرمقدم کیا ہے جس کا مقصد زرعی مصنوعات کی منظوری کے عمل کو تیز بنانا ہے۔
بل سی 273، جسے ڈیوڈ بیکسٹ نے پیش کیا، کے تحت کینیڈا کو ایسے ممالک کے سائنسی جائزوں پر انحصار کرتے ہوئے نئی زرعی مصنوعات کو جلد منظوری دینے کی اجازت دی جائے گی جنہیں قابل اعتماد قرار دیا گیا ہے۔
مجوزہ قانون کے مطابق اگر کوئی مصنوع کم از کم دو قابل اعتماد ممالک، جیسے آسٹریلیا، برطانیہ یا یورپی یونین میں پہلے ہی منظور ہو چکی ہو تو اسے کینیڈا میں 90 دن کے اندر عارضی منظوری دی جا سکے گی۔ ان مصنوعات میں بیج، کھاد، مویشیوں کے علاج کی ادویات اور کیڑے مار ادویات شامل ہیں۔
کینیڈین فیڈریشن آف ایگریکلچر کے نائب صدر جل ویر نے کہا کہ اس اقدام سے کسانوں کو درکار وسائل جلد دستیاب ہوں گے اور زرعی شعبے میں مسابقت کو فروغ ملے گا۔
بل میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ وزیر زراعت کو مکمل اختیار حاصل ہوگا کہ اگر کسی مصنوع سے صحت یا ماحول کو خطرہ لاحق ہو تو اس کی منظوری فوری طور پر منسوخ کی جا سکے۔
زرعی تنظیموں کا مؤقف ہے کہ یہ قانون نئی جدت کی حوصلہ افزائی کرے گا اور کسانوں کے لیے جدید سہولیات اور ٹیکنالوجی تک رسائی کو آسان بنائے گا۔