اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی عزت بڑھانے کے لیے تاریخی اقدامات کیے ہیں۔
گلگت بلتستان پارلیمانی بورڈ کے اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ سیاسی میدان ہو یا دفاع کا معاملہ، مسلم لیگ ن نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم، نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی انتھک محنت کی بدولت آج دنیا بھر میں ایک بار پھر پاکستان کے سبز پاسپورٹ کی عزت بحال ہوئی ہے۔
سابق وزیراعظم نے گلگت بلتستان میں کیے گئے ترقیاتی کاموں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن نے عوام کی خدمت کو اولین ترجیح دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 60 ارب روپے کی لاگت سے سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں، فاصلے کم ہوئے ہیں اور لواری ٹنل پر اربوں روپے کے خرچ کیے گئے جو انتہائی ضروری تھا۔ نواز شریف نے واضح کیا کہ یہ اقدامات عوام کا حق ہیں، کوئی احسان نہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ گلگت بلتستان میں فنڈز کی کمی بیشی کا جائزہ وزیراعظم لیں گے اور ضرورت پڑنے پر وہ خود پیسے فراہم کریں گے تاکہ ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے اور ہر شعبے اور محاذ پر اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہی ہے۔سابق وزیراعظم نے دیگر صوبوں کی ترقی کی جانب بھی اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور وفاق میں بھرپور ترقیاتی منصوبے جاری ہیں اور دوسرے صوبوں کو بھی ان منصوبوں کی تقلید کرنی چاہیے۔
انہوں نے زور دیا کہ مقامی حکومتیں خود بھی فنڈز پیدا کریں اور بجٹ صرف لوگوں کی جیب میں نہ جائے بلکہ آن گراؤنڈ استعمال ہو۔نواز شریف نے خیبرپختونخوا کے حالات پر بھی تنقید کی اور کہا کہ پندرہ سال سے وہاں حکومت ہے، لیکن فری ادویات اور اچھی ٹرانسپورٹ جیسی بنیادی سہولیات عوام تک نہیں پہنچ رہی ہیں، جس سے وہاں کے لوگوں کی زندگیوں میں بہتری نہیں آ رہی۔