اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پاکستان سپر لیگ 11 کے پہلے ایلیمینیٹر میں حیدرآباد کنگز مین نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ملتان سلطانز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں حیدرآباد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے، جس میں کپتان شان مسعود نے 46 گیندوں پر ناقابل شکست 69 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ دیگر نمایاں بیٹرز میں صاحبزادہ فرحان (15)، اسٹیو اسمتھ (13) اور محمد نواز (18) شامل رہے۔
حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے محمد علی، حنین شاہ اور عاکف جاوید نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں حیدرآباد نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 160 رنز کا ہدف صرف 16ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ معاذ صداقت نے 64 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ عثمان خان نے 35 گیندوں پر 64 رنز بنائے۔ صائم ایوب 15 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اس شکست کے ساتھ ملتان سلطانز کا ٹورنامنٹ میں سفر ختم ہوگیا، جبکہ حیدرآباد کنگز مین اب ایلیمینیٹر 2 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا سامنا کرے گی۔ اس میچ کی فاتح ٹیم فائنل میں پشاور زلمی کے مدمقابل آئے گی، جو پہلے ہی کوالیفائر جیت کر فائنل میں جگہ بنا چکی ہے۔