اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پنجاب کے بیس حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے جاری پولنگ کا عمل ختم ہو گیا۔ ابتدائی نتائج کے مطابق کہیں مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کچھ جگہوں پر آگے ہے پنجاب اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں 175 امیدواروں نے حصہ لیا۔
20 حلقوں میں 45 لاکھ سے زائد ووٹرز کے لیے 3131 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے جن میں سے 676 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس اور 1194 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا۔ انتہائی حساس اور حساس پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیے گئے۔ الیکشن کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے پولیس کے ساتھ رینجرز اور ایف سی بھی تعینات کیے گئے تھے۔ ضمنی انتخاب کے لیے وزارت داخلہ میں لا اینڈ آرڈر مانیٹرنگ سیل بھی قائم کر دیا گیا، لاہور اور فیصل آباد کے پولنگ اسٹیشنز پر مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک کے کارکنوں میں ہاتھا پائی اور جھگڑے کے واقعات بھی پیش آئے۔ –
۔پی پی 97 فیصل آباد کے پولنگ سٹیشن نمبر 72 پر پولنگ بوتھ میں دوسرے شخص کو داخلے سے روکنے پر سیاسی مخالفین کی معمر شہری سے ہاتھا پائی ہو گئی۔ اس دوران پولیس کی بھاری نفری بھی پولنگ اسٹیشن پہنچ گئی۔ ادھر پی پی 158 لاہور میں مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے کارکنوں میں پولنگ سٹیشن میں داخلے پر جھگڑا ہوا، اس دوران تحریک انصاف کے کارکنوں نے ایک کارکن کا سر پھاڑ دیا۔
73