ارد ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ٹی بی ٹیسٹ کٹس کی شدید قلت کے باعث ملک بھر میں تشخیصی نظام متاثر ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق وزارت صحت نے کٹس کی کمی کے باعث ہنگامی پابندیاں نافذ کردیںاور ملک بھرمیں جدید ٹی بی ٹیسٹ فوری طور پر محدود کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔ کٹس کی قلت سے ٹی بی کی بروقت تشخیص متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ذرائع کے مطابق کٹس ختم ہونے کے خدشے پرجین ایکسپرٹ ٹیسٹ کا استعمال کم کردیا گیا، ہرمشتبہ مریض کا جین ایکسپرٹ ٹیسٹ اب دستیاب نہیں ہوگا۔
ابتدائی مرحلے میں مریضوں کو پرانے طریقہ تشخیص پرمنتقل کردیا گیا۔صرف انتہائی ضروری کیسز میں جدید ٹیسٹ کی اجازت دی جائے گی، ملک بھر کے ہسپتالوں اور لیبارٹریوں کو محدود استعمال کی ہدایت کردی گئی۔ صرف مخصوص اور سنگین مریضوں کیلئے جدید ٹیسٹ کی سہولت برقرار رہے گی۔ بچوں اور حاملہ خواتین کے لیے جین ایکسپرٹ ٹیسٹ کی سہولت برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارت صحت نے کارٹریجز بچانے کیلئے سخت نگرانی کا حکم دے دیا، صوبائی ٹی بی پروگرامز کو فوری عملدرآمد کی ہدایات جاری کردی گئی۔ ٹی بی کے تصدیق شدہ مریضوں کو ترجیحی بنیادوں پر جین ایکسپرٹ ٹیسٹ دیا جائے گا، ایچ آئی وی کے ساتھ ٹی بی کے مریضوں کو ترجیحی فہرست میں شامل کیا گیا۔