اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ن) جی ایچ کیو میں “معرکہ حق” کی یاد میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ یہ معرکہ صرف دو ممالک کے درمیان جنگ نہیں تھی بلکہ دو نظریات کے درمیان ایک فیصلہ کن مقابلہ تھا، جس میں دشمن کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ گزشتہ سال کے دوران پیش آنے والے واقعات نے ثابت کیا کہ پاکستان اپنے قومی عزم اور اتحاد کے ساتھ ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے پاکستان کے قومی وقار اور سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، تاہم مسلح افواج نے بھرپور اور مؤثر جواب دیا۔انہوں نے کہا کہ دشمن کا مقصد پاکستان کو عسکری دباؤ اور سفارتی تنہائی کا شکار بنانا تھا، لیکن یہ خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ ان کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج نہ پہلے کسی دباؤ سے متاثر ہوئیں اور نہ آئندہ ہوں گی۔فیلڈ مارشل نے کہا کہ معرکہ حق کوئی اچانک پیش آنے والا واقعہ نہیں تھا بلکہ یہ ایک طویل سلسلے کا حصہ تھا جس میں پاکستان نے ہر موقع پر اپنے دفاع کا حق مؤثر انداز میں استعمال کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران دشمن کی جارحیت کو ناکام بنایا گیا اور پاکستان نے ہر محاذ پر برتری ثابت کی۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اور کسی بھی مستقبل کی مہم جوئی کا جواب پہلے سے زیادہ سخت اور دور رس ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آج کی جنگیں صرف روایتی نہیں بلکہ ٹیکنالوجی، ڈرونز، سائبر نظام اور جدید ہتھیاروں پر مبنی ہیں، اس لیے مسلح افواج ہر پہلو سے تیار ہیں۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں قوم کے لیے ایک امانت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کامیابی اللہ تعالیٰ کے فضل اور قوم کے اتحاد کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک آخری دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی افواج، عوام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر چیلنج کا مقابلہ کر رہے ہیں۔فیلڈ مارشل نے کشمیر کے حوالے سے کہا کہ پاکستان ہر سطح پر کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور یہ ملک ہمیشہ ناقابلِ تسخیر رہے گا۔تقریب کے آغاز میں مسلح افواج کے سربراہان نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ بعد ازاں چاک و چوبند دستے نے افواج کے سربراہان کو سلامی پیش کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق معرکہ حق میں حاصل ہونے والی کامیابی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، تیاری اور عوام کے اعتماد کا واضح ثبوت ہے، اور قوم کی حمایت سے افواج پاکستان ہر اندرونی و بیرونی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔