یومِ عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے،مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں پر گامزن

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)نواسۂ رسول ﷺ، حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں ملک بھر میں آج یومِ عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

اس موقع پر کراچی، لاہور، راولپنڈی، ملتان، سکھر، حیدرآباد، مظفرآباد، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں دس محرم الحرام کے ماتمی جلوس برآمد ہو چکے ہیں، جن کے ساتھ روایتی علم، ذوالجناح اور تعزیے بھی شامل ہیں۔

یومِ عاشور کے موقع پر ملک بھر میں خصوصی مجالس اور دینی محافل کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے، جہاں علمائے کرام اور ذاکرین حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی، ان کے پیغامِ حق اور واقعۂ کربلا کی اہمیت پر روشنی ڈال رہے ہیں۔

لاہور میں نثار حویلی سے برآمد ہونے والا شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں پر گامزن ہے، جس میں ہزاروں عزادار شریک ہیں۔ جلوس محلہ شیعاں پہنچا جہاں اذانِ علی اکبر ادا کی گئی، جبکہ یہ جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کی سکیورٹی کے لیے اہلکار مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔

کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جس سے قبل مرکزی مجلس منعقد کی گئی۔ یہ جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں، کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔

کوئٹہ میں عاشورہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینی سادات، سید آباد علمدار روڈ سے برآمد ہوا، جو شامِ مغربین کے بعد اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس میں شبیہ ذوالجناح، علم اور تعزیوں کے مجموعی طور پر 35 دستے شریک ہیں، جبکہ راستوں میں عزاداروں کے لیے ناشتے، ٹھنڈے پانی، شربت کی سبیلیں اور امدادی کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں۔

یومِ عاشور کے موقع پر ملک بھر میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ تمام اہم شہروں میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے، جبکہ جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر خصوصی چیک پوسٹس قائم کی گئی ہیں۔

جلوسوں کے روٹس پر غیر ضروری آمدورفت روکنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کر کے راستے بند کر دیے گئے ہیں۔ حساس علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل کی گئی ہے، جبکہ دفعہ 144 نافذ ہے، جس کے تحت اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد ہے۔

جلوسوں کے اختتام پر شامِ غریباں کی مجالس منعقد کی جائیں گی، جن میں ذاکرین واقعۂ کربلا کے بعد پیش آنے والے حالات بیان کریں گے، جس کے بعد عزادار غمِ حسینؓ میں سینہ کوبی کر کے اپنے گھروں کو روانہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نویں محرم الحرام کے جلوس بھی ملک بھر میں پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئے تھے۔ کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گزرنے کے بعد اختتام پذیر ہوئے، جہاں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں