نئی حلقہ بندیوں کے بعد قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کی تعداد 272 سے کم ہو کر 266 ہو گئی جب کہ خیبرپختونخوا کے ملحقہ اضلاع کی نشستیں 10 سے کم ہو کر چار ہو گئیں۔کراچی کے ضلع جنوبی میں ایک نشست کا اضافہ ہوا ہے جبکہ سانگھڑ کی قومی اسمبلی کی نشستیں تین سے کم ہو کر دو رہ گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں
الیکشن کمیشن نے انتخابی قواعد کی 18 شقوں میں تبدیلی کی منظوری دے دی
سندھ کی صوبائی اسمبلی کی نشستوں میں بھی تبدیلی کی گئی جس کے مطابق کراچی ایسٹ، سینٹرل اور ملیر کی ایک ایک نشست بڑھی جبکہ خیرپور سانگھڑ اور ٹھٹھہ کی ایک ایک نشست کم ہوئی۔پنجاب کے ضلع بھکر میں ایک صوبائی نشست بڑھائی گئی، جب کہ پختونخوا میں پشاور اور ہنگو کی ایک ایک نشست ختم کر دی گئی اور چترال اور باجوڑ کی ایک ایک نشست کا اضافہ کیا گیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری حلقہ بندیوں پر تجاویز اور اعتراضات 28 ستمبر سے 27 اکتوبر تک دائر کیے جاسکتے ہیں جن کا فیصلہ 26 نومبر تک کیا جائے گا اور پھر 30 نومبر کو حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔الیکشن کمیشن کے مطابق حلقوں میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی موجودہ نشستیں برقرار رہیں گی۔فہرست کے مطابق قومی اسمبلی کی 266، پنجاب اسمبلی کی 297، سندھ اسمبلی کی 130، بلوچستان اسمبلی کی 51 اور خیبرپختونخوا اسمبلی کی 115 نشستوں کی حد بندی کی گئی ہے۔