ٹی ایل پی کے انٹرا پارٹی انتخابات کا کیس، الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کر لیا

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)الیکشن کمیشن نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے کیس کی سماعت کی، جس دوران اسپیشل سیکرٹری پولیٹیکل فنانس نے بتایا کہ ٹی ایل پی کی جانب سے جاری کیے گئے شوکاز نوٹس کا تحریری جواب موصول ہو چکا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ تحریری جواب پر کس کے دستخط ہیں، جس پر اسپیشل سیکرٹری نے بتایا کہ جواب پر بلال قادری کے دستخط موجود ہیں، جنہیں پارٹی کا مستقل الیکشن کمشنر ظاہر کیا گیا ہے۔

سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے ایک رکن نے سوال کیا کہ اس وقت پارٹی کا امیر کون ہے اور الیکشن کمشنر کو اختیار کس نے دیا؟

اسپیشل سیکرٹری پولیٹیکل فنانس نے بتایا کہ دسمبر 2025 میں پارٹی عہدیداروں کی مدت ختم ہو چکی تھی اور اس وقت کوئی امیر موجود نہیں۔ تحریری جواب میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ متعدد بار انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کی کوشش کی گئی، تاہم پارٹی دفاتر سیل ہونے کے باعث انتخابات ممکن نہ ہو سکے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق ٹی ایل پی اس وقت کالعدم جماعت ہے۔

سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے ٹی ایل پی کے وکیل سے پوچھا کہ وہ کس کی نمائندگی کر رہے ہیں، جس پر وکیل نے بتایا کہ وہ چیئرمین الیکشن اتھارٹی بلال قادری کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ کمیشن اس مرحلے پر انہیں بطور وکیل تسلیم نہیں کر رہا اور پہلے انہیں اپنے وکالت نامے کے اختیار پر کمیشن کو مطمئن کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سماعت میں فوکل پرسن راجا عامر شہزاد کا حقِ دعویٰ مسترد کیا جا چکا ہے، اس لیے امکان ہے کہ موجودہ وکیل کو بھی غیر متعلقہ شخص قرار دیا جائے۔

چیف الیکشن کمشنر نے مزید دریافت کیا کہ کیا اس وقت جماعت کا کوئی امیر موجود ہے؟ وکیل نے جواب دیا کہ امیر موجود ہیں، لیکن انہیں پیش نہیں کیا جا رہا۔ اس پر چیف الیکشن کمشنر نے پوچھا کہ کیا اس کا مطلب ہے کہ آپ کا اپنے امیر سے رابطہ نہیں؟ وکیل نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کا امیر سے رابطہ نہیں ہے۔

وکیل نے مزید بتایا کہ بلال قادری کو اکتوبر 2025 میں گرفتار کیا گیا تھا اور جون 2026 میں ضمانت پر رہائی کے بعد انہوں نے ٹی ایل پی کے انٹرا پارٹی انتخابات کرائے۔

چیف الیکشن کمشنر نے یاد دلایا کہ الیکشن کمیشن پہلے ہی انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے توسیع کی درخواست مسترد کر چکا تھا اور سوال کیا کہ کیا اس فیصلے کو کسی عدالت میں چیلنج کیا گیا یا انتخابات سے 15 روز قبل الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا گیا تھا۔

وکیل نے اعتراف کیا کہ الیکشن کمیشن کو پیشگی اطلاع نہیں دی گئی، تاہم مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے انصاف کیا جائے، کیونکہ جماعت کو کالعدم قرار دینے کا باضابطہ ڈیکلریشن بھی تاحال جاری نہیں کیا گیا، لہٰذا انٹرا پارٹی انتخابات کو تسلیم کیا جائے۔

فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے ٹی ایل پی کے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔

واضح رہے کہ ٹی ایل پی کے انٹرا پارٹی انتخابات 28 دسمبر 2025 کو ہونا تھے، جبکہ فوکل پرسن راجا عامر نے انتخابات کے انعقاد کے لیے ایک سال کی مہلت مانگی تھی۔ الیکشن کمیشن نے 17 جون کو بھی اس کیس سمیت تین مختلف معاملات پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں